پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی ) لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان آرمی عوام کے لیے سماجی اکنامک پروجیکٹس میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتی ہے جب کہ 9 مئی سے متعلق فوج کے مؤقف میں کوئی تبدیلی آئی ہے، نہ آئےگی۔ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ بلوچ راجی مچی اور اس کی نام نہاد لیڈر شپ دہشت گردوں اور جرائم پیشہ مافیا کی پراکسی ہے۔
فوج کسی خاص سیاسی سوچ، زاویے، پارٹی، مذہب اور مسلک کو لے کر نہیں چل رہی بلکہ پاکستان اور ترقی کو لے کر چل رہی ہے، جس میں کبھی نہیں ہچکچائی۔یوم استحصال کشمیر کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان کشمیری قوم کے حق خود ارادیت کی حمایت میں ان کے ساتھ کھڑی ہے۔ افواج پاکستان کشمیریوں کو ان کی تمام قربانیوں پر خراج عقیدت پیش کرتی ہے اور ان کی مکمل حمایت کے عزم کا اعادہ کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ی یہ بات ہم سب جانتے ہیں کہ مقبوضہ کشمیر میں لاک ڈاؤن، علاقے کے آبادیاتی ڈھانچے کو تبدیل کرنے کے لیے بھارتی اقدامات اور انسانی حقوق کی سنگین پامالی یہ سب بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے اور خطے کی سلامتی کے لیے خطرہ ہے۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ خطے میں پائیدار امن و استحکام کے لیے مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کرنا ناگزیر ہے۔انہوں نے کہا کہ آج کے دن افواج پاکستان مقبوضہ کشمیر کے ان شہدا کو ان کی عظیم قربانیوں پر خراج تحسین پیش کرتی ہے، اس کے ساتھ ساتھ ظلم اور غیر قانونی تسلط کے خلاف کشمیریوں کی منصفانہ جد وجہد میں کشمیریوں کی سیاسی، اخلاقی اور انسانی ہمدردی کی بنیاد پر حکومت پاکستان ان کے مؤقف کی مکمل حمایت کا اعادہ کرتی ہے۔
ان کہنا تھا کہ مختلف امور میں قومی اور داخلہ سلامتی سے جڑے مسائل، دہشت گردی کے خلاف کیے جانے والے مؤثر اقدامات اور افواج پاکستان کی پیشہ ورانہ سرگرمیوں سے گاہے بگاہے آگاہی بے حد ضروری ہے۔ترجمان کا کہنا تھا کہ 2024ء کے پہلے 7 ماہ میں کاؤنٹر ٹیررازم آپریشنز کے دوران 139 بہادر آفیسرز اور جوانوں نے جام شہادت نوش کیا۔ پوری قوم ان بہادر سپوتوں اور ان کے لواحقین کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ افواج پاکستان قانون نافذ کرنے والے ادارے اور سکیورٹی ایجنسیز پاکستان کی داخلی اور بارڈر سکیورٹی کو مزید محفوظ بنانے کےلیے کتنی مصروف عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف ہماری کامیاب جنگ آخری دہشت گرد اور ہشت گردی کے خاتمے تک جاری رہے گی۔پاک فوج کے تعلیم و صحت سمیت دیگر شعبوں میں کاموں سے متعلق تفصیلات بتاتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ کاؤنٹر ٹیررازم اور فوجی آپریشنز کے علاوہ افواج پاکستان بالخصوص پاکستان آرمی عوام کے لیے فلاحی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتی ہیں۔تعلیم کے شعبے میں کاموں پر انہوں نے بتایا کہ فوج کی خصوصی توجہ کے پی کے کے ضم اضلاع اور بلوچستان کے متاثرہ علاقوں پر مرکوز ہے۔ہم سب جانتے ہیں کہ ملکی ترقی میں تعلیم بنیادی حیثیت رکھتی ہے۔ اس حقیقت کے پیش نظر افواج پاکستان بلوچستان میں تعلیمی وسائل کی ہرممکن فراہمی کے لیے جامع اقدامات کررہی ہے اور اس سلسلے میں مختلف تعلیمی اداروں کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔