قتل اور ڈکیتیوں میں ملوث لیاری گینگ وار کے دو مبینہ دہشت گرد پکڑے گئے
کراچی(اسٹاف رپورٹر) قتل اور ڈکیتیوں میں ملوث لیاری گینگ وار کے دو مبینہ دہشت گرد پکڑے گئے’عیدگاہ اور نیپئر پولیس نے مقدمات درج کرلئے۔ ملزمان کا تعلق لیاری گینگ وار کے خطرناک گینگ سے ہے۔ تفصیلات کے مطابق عید گاہ اور نیپئر پولیس اسٹےشن میں دو مختلف کارروائیوں کے دوران لیاری گینگ وار سے تعلق رکھنے والے دو ملزمان کی گرفتاری ظاہر کی ہے۔ SSP سٹی عارف عزیز کے مطابق عید گاہ پولیس نے ایک کارروائی کے دوران ماجد عرف پنجگوری نامی ملزم کو گرفتار کیا۔ گرفتار ملزم کا تعلق لیاری گینگ وار کے زاہد لاڈلہ گروپ سے ہے جو کہ 10لاکھ روپے ڈکیتی کی واردات میں ملوث ہے۔ عارف عزیز کے مطابق ملزم نے یکم اگست کو پنجاب چورنگی کے قریب بھگوان داس نامی شہری سے واردات کی تھی واردات کے دوران ملزم10لاکھ روپے ڈکیتی کے بعد فرار ہواتھا واردات کا مقدمہ گزری پولیس اسٹےشن نے رپورٹ کیاتھا۔ پولیس نے ٹےکنیکل بنیادوں پر کارروائی کرتے ہوئے ڈکیتی کے ذریعے گینگ وار کی فنڈنگ میں ملوث ملزم ماجد کو گرفتار کرکے تحقیقات شروع کردی ہے۔ ملزم سے اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔ ادھر نیپئر پولیس نے دوسری کارروائی کے دوران قتل کی وارداتوں میں ملوث لیاری گینگ وار کے کارندے فاروق عرف کشمیری کوگرفتار کیا۔ ملزم تین مقدمات میں اشتہاری اور مفرور ملزمان کی فہرست میں شامل تھا۔ پولیس نے بتایا کہ ملزم کے خلاف نیپئر اور کھارادر پولیس اسٹےشن میں گزشتہ 12برسوں کے دوران 6مقدمات درج کئے گئے تھے ملزم ایک دہائی قبل سے ہی اشتہاری قرار دیا جاچکاتھا ملزم کے خلاف نیپئر پولیس اسٹےشن میں چار مقدمات درج ہیں۔ ملزم تین مقدمات میں اشتہاری تھا۔ ملزم فاروق کشمیری کے خلاف قتل’ اقدام قتل اور غیرقانونی ہتھیاروں کے استعمال کی دفعات کے تحت مقدمات درج کئے گئے تھے۔ ملزم کا تعلق لیاری گینگ وار سے ہے جو مسلسل روپوشی اختیا رکیا ہواتھا۔ ملزم کے خلاف آخری مقدمہ سال2013 میں کھارادر پولیس اسٹےشن میں درج کیاگیاتھا ملزم سے تفتیش جاری ہے۔