شہر قائد میں ڈکیتی مزاحمت ، آپسی لڑائی جھگڑے اور دیگر فائرنگ کے واقعات میں خاتون سمیت 7افراد زخمی ہوگئے ۔

0

کراچی (اسٹاف رپورٹر ـ) شہر قائد میں ڈکیتی مزاحمت ، آپسی لڑائی جھگڑے اور دیگر فائرنگ کے واقعات میں خاتون سمیت 7افراد زخمی ہوگئے ۔ تفصیلات کے مطابق مدینہ کالونی کے علاقے بلدیہ روبی موڑ کے قریب موٹر سائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے 25سالہ یوسف ولد فضل صاحب زخمی ہوگیا جسے سول اسپتال میں طبی امداد دی جارہی ہے، ریسکیو حکام کے مطابق واقعہ ڈکیتی مزاحمت کے دوران پیش آیا تاہم پولیس مزید تفتیش کررہی ہے ۔ گلبہار کے علاقے ناظم آباد 02 نمبر وائٹ ہال کے قریب فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوگیا جسے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا جہاں مضروب کی شناخت 30 سالہ فیضان ولد مسعود حسین کے نام سے ہوئی پولیس کے مطابق واقعہ ڈکیتی مزاحمت کے دوران پیش آیا ۔ واقعے سے متعلق تفتیش کا عمل جاری ہے ۔ سہراب گوٹھ کے علاقے سپر ہائی وے جمالی پل کے قریب فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوگیا جسے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا جہاں مضروب کی شناخت 30 سالہ صاحب ولد سرور کے نام سے ہوئی پولیس کے مطابق واقعہ ڈکیتی مزاحمت کے دوران پیش آیا ، واقعے کی تفتیش کا عمل جاری ہے ۔ سچل کے علاقے صفورا سعدی ٹاؤن کے قریب آپسی جھگڑے میں فائرنگ  خاتو ن  سمیت 3 افراد زخمی ہوگئے جنہیں عباسی شہیداسپتال منتقل کیا گیا جہاں مضروبین کی شناخت 50 سالہ مریم زوجہ منشاء ، 24 سالہ عرفان ولد منشاء اور 32 سالہ جمشید ولد خادم حسین کے ناموں سے ہوئی ۔ پولیس کے مطابق واقعہ آپسی لڑائی جھگڑے کے دوران پیش آیا ۔ واقعے سے متعلق تفتیش کا عمل جاری ہے ۔ علاوہ ازیں  کورنگی صنعتی ایریا کےعلاقے کورنگی گودام چورنگی سیکٹر 5C کے قریب اتفاقیہ گولی چلنے سے  ایک شخص زخمی ہوگیا جسے جناح اسپتال منتقل کیا گیا جہاں مضروب کی شناخت 50 سالہ خادم حسین ولد قائم حسین کے نام سے ہوئی ۔ پولیس کے مطابق مضروب نجی سیکورٹی کمپنی کا گارڈ ہے جو اپنے اسلحے سے اتفاقیہ گولی چلنے سے زخمی ہوا ۔ مضروب کو اسپتال میں طبی امداد دی جارہی ہے

Leave A Reply

Your email address will not be published.