لانڈھی میں اسٹیٹ ایجنٹ نے گھریلو پریشانیوں سے تنگ آکر خود کو گولی مار کر خودکشی کرلی جبکہ کورنگی میں دوبچوں کی ماں کی بیماری سے تنگ آکر خود کو گولی مار کر زندگی کا خاتمہ کرلیا ۔

0

کراچی (اسٹاف رپورٹر ) لانڈھی میں اسٹیٹ ایجنٹ نے گھریلو پریشانیوں سے تنگ آکر خود کو گولی مار کر خودکشی کرلی جبکہ کورنگی میں دوبچوں کی ماں کی بیماری سے تنگ آکر خود کو گولی مار کر زندگی کا خاتمہ کرلیا ۔ تفصیلات کے مطابق قائد آباد کے علاقے لانڈھی گلشن بونیر بشیر چو ک کے قریب گھرسے ایک شخص کی گولی لگی لاش ملی ، لاش کی اطلاع پر پولیس اور ریسکیو عملہ موقع پر پہنچے اور لاش کو تحویل میں لے کر جناح اسپتال منتقل کیا گیا جہاں متوفی کی شناخت 40 سالہ شمس القمر ولد محمد شعیب کے نام سے ہوئی ۔ ایس ایچ او غلام حسین پیر زادہ نے بتایا  کہ متوفی اسٹیٹ ایجنٹ تھا، ان دنوں مالی پریشانی شکا ر تھا جبکہ کچھ عرصہ قبل بیٹی کی شادی کی تھی ، جہاں داماد سے بیٹی کے معاملات پر آئے روز جھگڑا رہتا تھا ۔ متوفی نے مالی پریشانی اور گھریلو پریشانیوں سے تنگ آکر خود کو گولی مار کر خودکشی کرلی ۔ پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد لاش  ورثاء کے حوالے کردی ۔ علاوہ ازیں زمان ٹاؤن کے علاقے کورنگی کرسچن کالونی گلی نمبر ایک میں واقع گھر سے ایک خاتون کی گولی لگی لاش ملی ۔ لاش کی اطلاع پر پولیس اور ریسکیو عملہ موقع پر پہنچے اور موقع معائنہ کے بعد پولیس نے لاش کو تحویل میں لے کر ضابطے کی کارروائی کے لئے جناح اسپتال منتقل کیا ۔جہاں متوفیہ کی شناخت 30 سالہ زنوبیہ زوجہ سمیع کے نام سے ہوئی۔ ایس ایچ او عتیق الرحمان نے بتایا کہ متوفیہ دو بچوں کی ماں تھیں اور گزشتہ کئی عرصے سے بیمار تھیں۔ متوفیہ کے اہل خانہ نے بتایا کہ کچھ عرصہ قبل متوفیہ کو جسم کے بائیں جانب فالج کا اٹیک ہوا تھا اور سر میں بھی شدید درد رہتا تھا ، متوفیہ نے بیماری سے تنگ آکر خود کو گولی مار کر خودکشی کرلی ، پولیس کے مطابق متوفیہ نے گھر میں رکھے اپنے دیور کے پستول سے خود کو گولی ماری ، متوفیہ کو دیور بیرون ملک مقیم ہے ۔ پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد لاش ورثاء کے حوالے کردی ۔ پولیس کے مطابق دونوں واقعات کی مختلف پہلوؤں سے بھی تفتیش کا عمل جاری ہے

Leave A Reply

Your email address will not be published.