ایف آئی اے اور پولیس کو موبائل مارکیٹ میں حوالہ ہنڈی سے متعلق دکان پر چھاپہ مار کارروائی مہنگی پڑگئی ،
کراچی(اسٹاف رپورٹر ) قائد آباد میں ایف آئی اے اور پولیس کو موبائل مارکیٹ میں حوالہ ہنڈی سے متعلق دکان پر چھاپہ مار کارروائی مہنگی پڑگئی ، دکان مالک کی فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار زخمی ہوگیا ۔ ملزم موقع سے فرار ہوگیا ۔تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے نے پولیس کے ہمراہ شاہ لطیف کے علاقے میں قائم موبائل مارکیٹ پر چھاپہ مار کارروائی کی ۔ ڈائریکٹر ایف آئی اے نعمان صدیقی کے مطابق حوالہ ہنڈی کی اطلاع پر چھاپہ مار کارروائی کی تھی جہاں پولیس کی چار موبائلیں بھی چھاپہ مار کارروائی میں شامل تھیں ۔ کارروائی کے دوران ملزمان کی جانب سے ٹیم پر فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار رحمان زخمی ہوگیا ۔پولیس حکام کے مطابق فائرنگ کے باعث مارکیٹ میں بھگدڑ مچ گئی اور موبائل مارکیٹ کے دیگر دکانداروں نے بھی ٹیم پر دھاوا بول دیا جس کے نتیجے میں فائرنگ کرنے والے ملزمان موقع سےفرار ہوگئے جن کی تلاش کا عمل جاری ہے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ فائرنگ منیر عرف منا اور اس کے بھائی محسن کی جانب سے کی گئی تھی ۔ زخمی پولیس اہلکار قائد آباد تھانے میں تعینات تھا ۔ جسے علاج معالجے کے لئے اسپتال منتقل کردیا ہے جہاں اسے طبی امداد دی جارہی ہے ، پولیس اہلکار کو پاؤں میں گولی لگی ہے ۔ جس کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے ۔ ایف آئی اے حکام کے مطابق واقعے کا مقدمہ درج کروایا جارہاہے ۔ واقعے کی مزید تفتیش کا عمل جاری ہے ۔