کورنگی میں شہریوں سے لوٹ مار ڈاکوؤں کو مہنگی پڑگئی شہری کی فائرنگ سے دو مبینہ ڈاکوہلاک ہوگئے ۔
کراچی(اسٹاف رپورٹر )اتوار کی شب کورنگی میں شہریوں سے لوٹ مار ڈاکوؤں کو مہنگی پڑگئی شہری کی فائرنگ سے دو مبینہ ڈاکوہلاک ہوگئے ۔ تفصیلات کے مطابق عوامی کالونی کے علاقے کورنگی جے ایریا میں شہری کی فائرنگ سے دو مبینہ ڈاکو ہلاک ہوگئے ، ایس ایچ او ناصر محمود نےبتایا کہ حمزہ اور وسیم نامی دو شہری جارہے تھے کہ دو ملزمان نے انھیں روک کر لوٹ مار کی کوشش کی ، شہری کے پاس بھی اسلحہ تھا جس نے ڈاکوؤں پر فائرنگ کردی جس سے دونوں شدید زخمی ہوگئے ، فائرنگ کی آواز سن سے وہاں موجود عوام جمع ہوگئی جنہوں نے دونوں ڈاکوؤں کو شدید تشدد کا نشانہ بنایا ، جس سے دونوں ڈاکو موقع پر ہلاک ہوگئے ۔ ایس ایچ او نے مزید بتایا کہ دونوں ڈاکوؤں کی لاشوں کو ایمبولینس کی مدد سے جناح اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ایک ڈاکو کی شناخت اصغر علی کے نام سے ہوئی جس کے پاس سے شکار پور سے بنا ہوا ایل ٹی وی ڈرائیونگ لائسنس بھی ملا ہے جبکہ دوسرے ڈاکو کی شناخت فوری نہیں ہوسکی ۔ ہلاک ڈاکوؤں کے قبضے سے اسلحہ دو پستول، چھینے ہوئے تین موبائل فونز ، نقدی اور موٹرسائیکل بھی بر آمد ہوئی ۔ واقعے سے متعلق مزید تفتیش کا عمل جاری ہے ۔