سرجانی میں فائرنگ سے نوجوان جان بحق ہوگیا
کراچی()سرجانی ٹاون میں نامعلوم ملزمان نے موٹرسائیکل سوار نوجوان کو سینے میں گولی مار کر ہلاک کردیا اورفرارہوگئے،قتل ذاتی رنجش کا نتیجہ معلوم ہوتا ہے ۔تفصیلا ت کے مطابق سرجانی ٹاون تھانے کی حدود سرجانی سیکٹر ٹو 52A پٹی کچے راستے پر اتوار کی شب ساڑھے نو بجے کے قریب نامعلوم موٹرسائیکل سوار ملزمان نے موٹرسائیکل سوار نوجوان کو سینے پر گولی مار کر ہلاک کردیا اور موقع سے فرارہوگئے،اطلاع ملنے پر پولیس موقع پرپہنچ گئی اور موقع معائنہ کے بعد لاش ضابطے کی کارروائی کیلئے عباسی شہید اسپتال منتقل کی،ایس ایچ او غلام حسین پیرزادہ کے مطابق مقتول کی شناخت 25 سالہ محمد خالد ولدمحمد بخش کے نام سے ہو ئی،جس مقام پر نوجوان کو قتل کیا گیا وہ راستہ سنسان اور جھاڑیوں والاہے،مقتول مذکورہ راستے سے شہر کی جانب سے آرہاتھا اور اپنے گھر کی جانب جارہا تھا،مقتول جالائی گوٹھ کا رہائشی تھا ،ابتدائی طور پر قتل ذاتی رنجش کا نتیجہ بتایا جاتا ہے ،ایس ایچ او کے مطابق ملزمان مقتول سے کچھ چھینے بغیر موقع سے فرارہوئے،مقتول کی موٹرسائیکل،موبائل فون سمیت دیگر سامان موجود ہے،تاہم پولیس اس حوالے سے مزید تحقیقات کررہی ہے ۔