شہر میں ٹریفک حادثات میں 5 افراد جاں بحق اور ایک شخص زخمی ہوگیا
کراچی شہر میں ٹریفک حادثات میں 5 افراد جاں بحق اور ایک شخص زخمی ہوگیا ۔ جبکہ ملیر سے ایک شخص کی لاش ملی ۔تفصیلات کے مطابق چاکیواڑہ کے علاقے لیاری بہا ر کالونی الفلاح چوک کے قریب ٹریفک حادثے میں ایک شخص جاں بحق ہوگیا جس کی لاش کو سول اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کی شناخت 28 سالہ سکندر ولد جان محمد کے نام سے ہوئی ۔ ایس ایچ او ساجد دھاریجو نے بتایا کہ متوفی سندھ سولڈ ویسٹ مینجمنٹ کا ورکر تھا جو حادثے کے وقت کچرہ اٹھانے کا کام کررہا تھا کہ کچرہ اٹھانے والی سولڈ ویسٹ کی گاڑی کے ڈرائیو ر نے اتفاقیہ طور پرکچرہ اٹھانے والے لیور کو دبا دیا جس کے باعث گاڑی کے کچرہ اٹھانے والے پچھلے حصے میں دب کر جاں بحق ہوگیا ، پولیس نے حادثے کے ذمہ دار ڈرائیور کو حراست میں لے لیا ہےا اور گاڑی کو قبضے میں لے کر تھانے منتقل کردیا ہے مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جارہی ہے ۔ سعید آباد کے علاقے بلدیہ مواچھ گوٹھ ٹریننگ سینٹر کے قریب ٹریفک حادثے میں ضعیف العمر شخص جاں بحق ہوگئے جن کی لاش کو سول اسپتال منتقل کیا گیا جہاں متوفی کی شناخت 65 سالہ احمد ولد محمد صدیق کے نام سے ہوئی ۔ ایس ایچ او قمر جاوید کیانی نے بتایا کہ متوفی کو مسافر نے ٹکر ماری اور موقع سے فرار ہوگیا جس کی لاش کا عمل شروع کردیا گیا ہے ۔ درخشاں کے علاقے ڈیفنس فیز 5 خیابان شجاعت شاہین سگنل کے قریب ٹریفک حادثے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ ایک شخص زخمی ہوگیا ۔ ریسکیو حکام کے مطابق متوفی کی لاش اور مضروبین کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا ۔ متوفی کی شناخت 35 سالہ حیدر علی ولد ظہور احمد اور مضروب کی شناخت 45 سالہ زبیر ولد قاسم کے ناموں سے ہوئی ۔ ایس ایچ او عرفان آٖصف نے بتایا کہ واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس اسپتال اور جائےوقوعہ پر پہنچ گئی ۔ پولیس کے اسپتال پہنچنے سے قبل ہی متوفی اور مضروب کی لاش کو بغیر کسی کارروائی کے لے جا چکے تھے ،حادثہ دو گاڑیوں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں پیش آیا ، پولیس نے حادثے کے مقام سے دو گاڑیاں ہنڈا سوک اور وین کو قبضے میں لے کر تھانے منتقل کردیا ، مزید تفتیش کا عمل جاری ہے ۔ کورنگی صنعتی ایریا کےعلاقے کورنگی ویٹا چورنگی شالیمار کمپنی کے قریب نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار نوجوان جاں بحق ہوگیا جس کی لاش کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کی شناخت 22 سالہ محسن کے نا م سے ہوئی ۔ شاہراہ فیصل کے علاقے گلستان جوہر میلینیئم مال نیوپلیکس سینما کے قریب گاڑی کی ٹکر سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا جس کی لاش کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا ۔ ایس ایچ او فیصل گل نے بتایا کہ متوفی کی شناخت 50 سالہ دولت خان کے نام سے ہوئی ۔ جو مہاجر کیمپ کے رہائشی تھے ۔ حادثے کا ذمہ دار ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا جس کی تلاش جاری ہے ۔ پولیس نے حادثے کی ذمہ دار ایکو گاڑی قبضے میں لے لی ہے واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے ۔ سکھن کے علاقے بھینس کالونی سٹی کٹ کے قریب سے ایک شخص کی لاش ملی جسے ریسکیو رضاکاروں نے ایمبولینس کی مدد سے جناح اسپتال منتقل کیا جہاں اسکی شناخت 25 سالہ نعیم ولد سراج محمد کے نام سے ہوئی ۔ فوری طور پر متوفی کی وجہ موت سامنے نہیں آسکی ۔