رینجرز کی کاروائی ڈکیتیوں میں ملوث دو ملزمان گرفتار
کراچی : پاکستان رینجرز (سندھ)اور پولیس نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے کراچی کے علاقے سردار ممتاز ویلیج حب ریور روڈ سے ڈکیتیوں اور اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث 2 ملزمان فہیم (گروہ سرغنہ) اور کامران عرف کامو کو گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق ملزمان کا 15 رکنی ڈکیت گروہ ہے جس میں ملزمان ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں سمیت قانون نافذ کرنے والے ادارے کی موبائل پر فائرنگ میں بھی ملوث ہیں۔ ملزمان کا ساتھی محمد نعیم غیر قانونی اسلحہ اور چھینی ہوئی موٹر سائیکل سمیت دوران ڈکیتی پہلے ہی گرفتار ہو چکا ہے جبکہ مذکورہ ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے تھے۔
دوران تفتیش ملزمان نے کراچی کے مختلف علاقوں حب ریور روڈ، اتحاد ٹاؤن، نادرن بائی پاس، فقیر کالونی، بلدیہ ٹاؤن اور آفریدی کالونی میں ڈکیتی، اسٹریٹ کرائم، لوٹ مار اور موٹر سائیکل چھیننے کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہونے جبکہ دوران اسنیچنگ مزاحمت پر متعدد افراد کو قتل اور زخمی کرنے کا بھی اعتراف کیا ہے۔ ملزمان عادی مجرم ہیں جن پر متعدد ایف آئی آرز درج ہیں جن میں ملزمان مفرور تھے جبکہ ملزمان متعدد بار گرفتار ہو کر جیل بھی جا چکے ہیں۔ ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
گرفتارملزمان کو مزید قانونی کاروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ عوام سے اپیل ہے کہ ایسے عناصر کے بارے میں اطلاع فوری طور پر قریبی رینجرز چیک پوسٹ، رینجرز ہیلپ لائن 1101 یا رینجرز مددگار واٹس ایپ نمبر 03479001111 پر کال یا ایس ایم ایس کے ذریعے دیں۔ آپ کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے ل گا۔