رمپا پلازہ میں آتشزدگی تین گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پا لیا گیا
ایم اے جناح روڈ پر واقع رمپا پلازہ میں آتشزدگی کے نتیجے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا،تین گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پا لیا گیا۔ ایم اے جناح روڈ پر واقع رمپا پلازہ کی چوتھی منزل پر منگل کی صبح 11:30 ککے قریب آگ بھڑک اٹھی جو بعد ازاں پانچویں فلور تک جا پہنچی ۔آگ کی اطلاع پر پولیس،فائر بریگیڈ اور ریسکیو ورکرز موقع پر پہنچے۔فائر بریگیڈ کے مطابق صبح 11 بجکر 50 منٹ پر فائر بریگیڈ کو آگ کی اطلاع ملی جس پر قریبی فائر اسٹیشن سے فائر ٹینڈر کو روانہ کیا گیا تاہم آگ کی شدت کو دیکھتے ہوئے مزید فائر ٹینڈرز کو بھی طلب کیا گیا۔آگ اتنی شدید تھی کہ اس کے شعلے باہر تک آ رہے تھے۔فائر بریگیڈ نے بتایا کہ آگ کی شدت سے اندازہ ہوا کہ آگ کافی دیر پہلے لگی تھی۔ فائر بریگیڈ حکام کے مطابق 11 فائر ٹینڈرز،ایک برائوزر اور دو اسنارکلز کی مدد سے تین گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پایا گیا جبکہ ریسکیو 1122 کے دو ،کے پی ٹی کے دو اور کنٹونمنٹ بورڈ کے ایک فائر ٹینڈر نے بھی آپریشن میں حصہ لیا۔ متاثرہ فالورز پر فوم میٹرس،پلاسٹک اور باردانہ وغیرہ کے گودام موجود ہیں۔فائر بریگیڈ کے مطابق دھواں بھر جانے کے باعث آگ بجھانے میں مشکلات کا سامنا رہا تاہم کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔ آگ لگنے کی وجہ فوری طور پر سامنے نہیں آ سکی ہے جبکہ نقصان کا تخمینہ لگایا جارہا ہے۔ریسکیو زرائع کے مطابق عمارت میں ہنگامی اخراج کا راستہ اور دھویں کے اخراج کا بھی کوئی راستہ نہیں تھا ۔آتشزدگی کے باعث ایم اے جناح روڈ اور اطراف کی سڑکوں پر شدید ٹریفک جام ہو گیا اور گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں۔