ضیاءالحسن لنجار کا ہواوے شینزن ہیڈکوارٹرز کا دورہ، سیف سٹیز منصوبوں پر اہم پیشرفت

0

سندھ کے وزیر داخلہ ضیاءالحسن لنجار نے ہواوے شینزن ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا جہاں ان کا مسٹر ژانگ یونگ، وائس پریزیڈنٹ گلوبل پروڈکٹ سیکٹر اور دیگر حکام نے پرتپاک استقبال کیا۔ وزیر داخلہ ضیاءالحسن لنجار نے ہواوے کے گلوبل سی ای او اور وائس پریزیڈنٹ لی جنفینگ سے ملاقات کی اور اہم ٹیکنالوجی منصوبوں پر بریفنگ حاصل کی۔دورے کے دوران ہواوے کے حکام نے باڈی وورن کیمرے، ٹیبلٹس، اور اسمارٹ ٹریکنگ واچز پر تفصیل کے ساتھ اہم معلومات فراہم کیں، اور ان تمام آلات کو اسمارٹ بورڈز کے ساتھ مربوط کرنے کے نظام پر بریفنگ بھی دی انہوں نے اپنی بریفنگ میں بتایا کہ اسمارٹ ٹیکنالوجی کے ذریعے معلومات کے تبادلے کو تیز اور رسپانس ٹائم کو کم کیا جا سکتا ہے جو قانون نافذ کرنے والے اداروں کے لیے نہایت اہم ہے۔ صوبائی وزیر داخلہ ضیاءالحسن لنجار نے اس موقع پر سندھ پولیس کے لیے علیحدہ ایل ٹی ای نیٹ ورک کی ضرورت پر زور دیا اور اس کے قیام کے لیے تکنیکی پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا۔

ہواوے کے حکام نے حکومت پاکستان کے ساتھ دیرینہ تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے محکمہ داخلہ سندھ کے ساتھ جاری تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔ وزیر داخلہ ضیاءالحسن لنجار نے ہواوے حکام کی میزبانی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے مستقبل میں مزید قریبی تعاون کی خواہش کا اظہار کیا۔ انہوں نے صدر مملکت آصف علی زرداری، پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، اور پاکستان پیپلزپارٹی خواتین ونگ کی صدر محترمہ فریال تالپور کے وژن کو اجاگر کیا، جس کے تحت سکھر، لاڑکانہ، حیدرآباد، میرپور خاص، سانگھڑ، اور شہید بینظیر آباد کو سیف سٹی منصوبوں کا حصہ بنایا جائے گا۔ وزیر داخلہ نے کہا ہم محفوظ شہر سے محفوظ صوبے کی طرف بڑھنا چاہتے ہیں۔ اس موقع پر سیف سٹیز منصوبے پر اہم معاہدہ بھی کیا گیا،

دورے کے اختتام پر ہواوے لمیٹڈ کے نائب صدر اور ڈی جی سیف سٹیز نے جاری منصوبوں کی پیشرفت کی تصدیق کی اور مکمل شدہ کام پر دستخط کیے۔ یہ معاہدہ سندھ میں سیف سٹیز منصوبوں کے لیے ایک اہم پیشرفت ہے۔ واضح رہے کہ وزیر داخلہ ضیاءالحسن لنجار کا چین کا یہ دورہ سندھ میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے حکومت سندھ کی کوششوں کی عکاسی کرتا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.