جاوید عالم اوڈھو نے آل کراچی تاجر الائنس کے 32 رکنی وفد سے کراچی پولیس آفس میں اہم ملاقات
ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو نے آل کراچی تاجر الائنس کے 32 رکنی وفد سے کراچی پولیس آفس میں اہم ملاقات کی۔
ملاقات میں آل کراچی تاجر الائنس کے رہنما خواجہ جمال سیٹھی ، حکیم شاہ، آصف گلفام، مرتضیٰ حسین، محمد اعظم، جنید قریشی و دیگر اراکین نے شرکت کی۔
ملاقات کے دوران تاجران نے کراچی پولیس کی کارکردگی، خصوصاً امن و امان کے قیام اور اسٹریٹ کرائم میں کمی کے لیے کیے گئے اقدامات کی تعریف کی اور پولیس کی جانب سے شہریوں کے تحفظ اور مارکیٹوں میں امن برقرار رکھنے کی کوششوں کو سراہا۔
ایڈیشنل آئی جی کراچی نے تاجران کی شکایات اور تجاویز کو غور سے سنا اور یقین دہانی کرائی کہ ان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ تاجروں اور پولیس کے درمیان مضبوط رابطے کے لیے تاجران پولیس رابطہ کمیٹی کا قیام جلد عمل میں لایا جائے گاجو تاجران کے مسائل کو فوری حل کرنے میں مددگار ثابت ہوگی۔
ایڈیشنل آئی جی نے کہا کہ مارکیٹوں میں شاہین فورس کی پیٹرولنگ میں اضافہ کیا جائے گا تاکہ اسٹریٹ کرائم میں واضح کمی لائی جا سکے اور تاجران اور عوام کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔
پولیس چیف نے اسٹریٹ کرائم کی روک تھام میں CCTV کیمروں کی افادیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مارکیٹوں اور ان کے اطراف میں کیمرے نصب کرنے سے جرائم میں واضح کمی آئے گی اور ملزمان کی فوری گرفتاری ممکن ہو سکے گی۔
پولیس اور عوام کے درمیان باہمی تعاون سے ہی شہر میں پائیدار امن قائم کیا جا سکتا ہے۔
ملاقات کے اختتام پر آل کراچی تاجر الائنس کی جانب سے ایڈیشنل آئی جی کراچی کو پھولوں کا گلدستہ پیش کیا گیا اور ان کی خدمات کو سراہتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا۔