بلڈ ڈونرز گروپ اف سوسائٹیز کے زیر اہتمام دو مقامات پر خون کے عطیات کے کیمپ لگائے گئے
کراچی : بلڈ ڈونرز گروپ آف سوسائٹیز کے زیر اہتمام کراچی میں دو مقامات پر بلڈ ڈونیشن کیمپ کا انعقاد کیا گیا ، 200سے زائد نوجوانوں نے خون کے عطیات جمع کروائے۔ پہلا کیمپ نانک واڑہ میں آگریا جماعت خانے کے تعاون سے جبکہ دوسرا کیمپ مومن آباد سائٹ میں ضیاء ویلفیئر ایوسی ایشن کے اشتراک سے منعقد کیاگیا۔ آگریا جماعت خانے کے صدر آصف اقبال ، شاہین شیلڈن محلہ کمیٹی کے صدر عمران عبد الغفار ، ضیاء ویلفیئر کے ذمہ داران نواز تاج ، نعمت اللہ خان اور ذاکر خٹک نے بڑی تعداد میں نوجوانوں کی جانب سے خون کے عطیات جمع کروانے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ نوجوانوں نے اللہ کی رضا اور انسانیت کی خدمت کے جذبے سے سرشار ہوکر اپنے خون کے عطیات جمع کروائے ہیں۔ اس موقع پر بلڈ ڈونرز گروپ آف سوسائٹیز کے ذمہ داران نے دونوں کیمپوں کے دورے کئے اورنوجوانوں کی حوصلہ افزائی کی۔ بلڈ ڈونرز گروپ آف سوسائٹیز کا کہنا ہے کہ رمضان المبارک تک شہر کے مختلف علاقوں میں ڈونرز کیمپ کا انعقاد جاری رہے گا ۔