ایف آئی اے نے سمندر کے راستے شہریوں کو یورپ بھجوانے میں ملوث منظم گینگ کو بے نقاب کر دیا۔

کراچی ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے سینیگال سے براستہ ایتھوپیا کراچی پہنچنے والے 5 مسافروں کو حراست میں لے لیا

0

 

 

کراچی( )ایف آئی اے نے سمندر کے راستے شہریوں کو یورپ بھجوانے میں ملوث منظم گینگ کو بے نقاب کر دیا۔ایف آئی اے امیگریشن نے کراچی ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے سینیگال سے براستہ ایتھوپیا کراچی پہنچنے والے 5 مسافروں کو حراست میں لے لیا۔ مسافروں کی شناخت افتخار احمد ،نصیر احمد، راشد فاروق، شمریز اور ثقلین مرتضیٰ کے ناموں سے ہوئی۔مسافروں کا تعلق وزیر آباد، منڈی بہاءالدین، گجرانوالہ اور سیالکوٹ سے ہے۔مسافر فلائٹ نمبر TK 708 کے ذریعے موریطانیہ سے کراچی پہنچے تھے۔ابتدائی تفتیش کے مطابق افتخار احمد نامی مسافر وزٹ ویزے پر سینیگال گیا تھا۔ثقلین مرتضی نامی مسافر دبئی کے راستے موریطانیہ گیا تھا جبکہ دیگر 3 مسافر عمرہ ویزہ پر پہلے سعودی عرب پہنچے اور بعد ازاں ایجنٹ نے موریطانیہ بھجوایا۔ایف آئی اے کے مطابق مسافر یورپ جانے کے لیے محمد افضل اور علی حسن نامی انسانی اسمگلر سے رابطے میں تھا۔ایجنٹوں کا تعلق سیالکوٹ اور گجرانوالہ سے ہے۔مذکورہ ایجنٹ نے مسافروں کو فی کس 35 لاکھ روپے کے عوض قانونی طریقے سے اسپین پہنچانے کا وعدہ کیا تاہم موریطانیہ پہنچ کر ایجنٹ نے مسافروں کو غیر قانونی طور یورپ بھجوانے کی کوشش کی ۔مسافروں نے سمندر کے راستے غیر قانونی سفر کرنے سے انکار کر دیا اور واپس آ گئے ۔مسافروں سے پوچھ گچھ جاری ہے- مسافروں کو ایجنٹوں کی نشاندہی کے لیے انسداد انسانی اسمگلنگ سرکل کراچی منتقل کر دیا گیا ہے۔ڈائریکٹر ایف آئی اے کراچی زون کے مطابق غیر قانونی سفری دستاویزات کی سخت جانچ پڑتال جاری ہے۔ایجنٹوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری ہیں۔ انسانی اسمگلنگ میں ملوث نیٹ ورکس کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن جاری ہے۔ ایجنٹوں کے جھانسے میں نہ آئیں، بیرون ملک سفر کے لیے قانونی راستے اختیار کریں۔اپنے ذاتی دستاویزات غیر متعلقہ شخص کے حوالے نہ کریں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.