چیمپئنز ٹرافی میچز کی مناسبت سے سیکیورٹی انتظاماتکے لیے اہم اجلاس
کراچی( )ڈی آئی جی سیکیورٹی اینڈ ایمرجنسی سروسز ڈویژن ڈاکٹر مقصود احمد نے چیمپئنز ٹرافی میچز کی مناسبت سے سیکیورٹی انتظامات کو حتمی شکل دینے کے لیے ایک اجلاس کی صدارت کی۔ اس اجلاس میں سیکیورٹی اداروں کے درمیان جامع منصوبہ بندی اور ہم آہنگی پر زور دیا گیا تاکہ میچز کے دوران امن و امان کو یقینی بنایا جا سکے۔اجلاس میں کراچی کے نیشنل بینک اسٹیڈیم میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے میچز کی مناسبت سے سیکیورٹی انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی۔ میچز 19، 21 فروری اور 1 مارچ 2025 کو کھیلے جائیں گے۔ کھلاڑیوں اور تماشائیوں کی سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے 6700 سے زائد قانون نافذ کرنے والے اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔ سیکیورٹی ڈویژن کے 1745 اہلکار بشمول 1045 ایس ایس یو کمانڈوز اور لیڈی کمانڈوز تعینات کئے گئے ہیں جبکہ 1390 ٹریفک پولیس کے اہلکار، 328 اسپیشل برانچ کے اہلکار اور ڈسٹرکٹ پولیس و دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران و اہلکار ڈیوٹی سر انجام دے رہے ہیں۔ اہلکار نیشنل بینک کرکٹ اسٹیڈیم، کراچی ایئرپورٹ، روٹس، پارکنگ ایریاز، ہوٹلز اور دیگر اہم مقامات پر تعینات ہوں گے۔ سیکیورٹی کو مزید مربوط بنانے کے لئے ماہر نشانہ باز بھی حساس مقامات پر تعینات کیے گئے ہیں۔ جدید ہتھیاروں سے لیس تربیت یافتہ اسپیشل ویپن اینڈ ٹیکٹکس (S.W.A.T) ٹیم ایمرجنسی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ایس ایس یو ہیڈکوارٹرز میں الرٹ رہے گی۔ ٹیم اسٹیڈیم کے اطراف میں امن و امان برقرار رکھنے کے لئے گشت پر بھی مامور ہو گی۔مزید برآں ایس ایس یو کی خصوصی کمانڈ اینڈ کنٹرول بس اسٹیڈیم کے اطراف امن و امان کی صورتحال کی نگرانی کے لیے تعینات کی جائے گی تاکہ ایونٹ کے دوران مربوط سیکیورٹی کو یقینی بنایا جا سکے۔