حب پولیس نے مصطفیٰ کی گاڑی کو آگ لگانے کی اطلاع تاخیر سے ملنے کی تحقیقات شروع کردیں
کراچی کے علاقے ڈیفنس میں دوست کے ہاتھوں قتل ہونے والے مصطفیٰ کے کیس میں حب پولیس کی تفتیش جاری ہے، گاڑی کو آگ لگانے کی اطلاع تاخیر سے ملنے کی بھی تحقیقات کی جارہی ہیں۔
ذرائع
کا کہنا ہے کہ تحیققات کر رہے ہیں ملزمان نے کراچ دریجی تک کون سا روٹ استعمال کیا، گاڑی کو کس وقت آگ لگائی۔
ذرائع نے کہا کہ اس بات کی بھی تحقیقات جاری ہیں کہ ملزمان حب سے واپس کراچی کیسے گئے اور گاڑی کو آگ لگانے کی اطلاع تاخیر سے ملنے سمیت دیگر کوتاہی پر بھی تحقیقات جاری ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مصطفیٰ قتل کیس کی تفتیش ڈی ایس پی وندر محمد جان کےحوالے کی گئی ہے۔
دوسری جانب کیس میں پولیس نے ملزم ارمغان کی نشاندہی پر لوہے کی راڈ برآمد کرلی، دوران تفتیش ملزم ارمغان نے انکشاف کیا کہ لوہے کی راڈ سے اس نے مصطفیٰ پر 2 گھنٹے تک تشدد کیا، اس کے سر اور گھٹنوں سے خون بہنے لگا۔
ملزم کا کہنا تھا کہ شیراز کی مدد سے مصطفیٰ کو اسی کی گاڑی میں ڈال کر حب لے گئے، گاڑی کی ڈگی کھولی تو مصطفیٰ زندہ تھا، ڈگی اور گاڑی کے شیشے کھولنے کے بعد اس پر پیٹرول چھڑکا، مصطفیٰ کو کہا ڈگی اور شیشے کھلے ہیں ہمت ہے تو بھاگ جا، مصطفیٰ نے حرکت کی کوشش کی لیکن گھٹنوں پر چوٹ کے باعث ہل نہیں پایا۔
پولیس نے ارمغان کے بنگلے سے اس کا جعلی شناختی کارڈ بھی برآمد کرلیا، مصطفیٰ قتل کیس میں ملزم ارمغان 4 روزہ جسمانی ریمانڈ پر ہے۔