مقتول صارم کے والدین نے انصاف نہ ملنے تک احتجاج کی کال دے دی ۔
کراچی میں سات سالہ صارم کے والدین کی بس ہوگئی اعلیٰ سطح پر بنائی گئی کمیٹی پر غیر مطمئن والدین نے پریس کانفرنس میں انصاف نہ ملنے تک احتجاج کی کال دے دی ۔
مقتول صارم کے والدین نے بیت الانعم اپارٹمنٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میرے بچے کے قاتل اب تک نا پکڑے گئے یہ کوئی گلی محلہ نہیں ہے 200 فلیٹ ہیں ، پولیس سے تفتیش کیوں نہیں کی جارہی کل تک کچھ معلومات نا ملی تو پریس کلب جا کر دھرنا دوں گا وہاں بھی انصاف نہ ملا تو پھر گورنر ہاؤس بھی جاؤں گا. مقتول صارم کی والدہ کا کہنا تھا کہ ہم سب کے پاس جارہے ہیں ، لیکن قاتل کھلے عام گھوم رہے ہیں ، ہم کس کے پاس جائیں ، کس کا دروازہ کھٹکھٹائیں ،میری اعلیٰ حکام سے درخواست ہے اب ہماری بس ہوگئی ہے ہمارا ساتھ دیں .والدین نے مزید کہا کہ پوسٹ مارٹم بھی ہوا ، ڈی این اے بھی ہوا ، کیمیکل ایکزیمینیشن رپورٹ بھی کی گئی میرے پاس صرف ایک ایف آئی آر کی کاپی ہے ، اور میرے پاس کچھ نہیں ہے یہ صرف کمیٹی بٹھا رہے ہیں کسی کمیٹی نے اب تک ہم سے رابطہ نہیں کیا . صارم سات جنوری کو رہائشی عمارت سے لاپتہ ہوا اس کے بعد اس کی لاش اس ہی اپارٹمنٹ کے پانی کے ٹینک سے اٹھارہ جنوری کو ملی تھی اعلیٰ سطح کی بنائی گئی کمیٹی بھی ملزم کو تلاش کرنے میں ناکام ہو چکی ہے .