اسپین میں بڑی کارروائی: کالعدم تنظیم ٹی ٹی پی کے 11 کارندے گرفتار
اسپین میں بڑی کارروائی: کالعدم تنظیم ٹی ٹی پی کے 11 کارندے گرفتار
بارسلونا: اسپین کی نیشنل پولیس، موسوس ڈی اسکوادرا (Catalan Police) اور اٹلی کی پولیس دی اسٹیٹو نے مشترکہ انسداد دہشت گردی آپریشن کے دوران کالعدم تنظیم ٹی ٹی پی (TTP) کے 11 مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا۔
حکام کے مطابق، یہ نیٹ ورک یورپ میں شدت پسندی کو فروغ دینے، ممکنہ اہداف کی شناخت اور خفیہ مواصلاتی چینلز کے ذریعے دہشت گردی کے منصوبے بنانے میں ملوث تھا۔ رپورٹس کے مطابق، خواتین کے ذریعے ان چینلز کو منظم کیا جا رہا تھا تاکہ نئے افراد کو بھرتی کیا جا سکے۔
اس کارروائی میں دس گرفتاریاں بارسلونا اور اس کے قریبی علاقوں میں کی گئیں، جبکہ ایک شخص کو اٹلی میں حراست میں لیا گیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس نیٹ ورک کے بین الاقوامی دہشت گرد تنظیموں، بشمول القاعدہ اور داعش، سے روابط کے شواہد بھی ملے ہیں۔
اسپین اور اٹلی کی سیکیورٹی ایجنسیوں کا کہنا ہے کہ تحقیقات مزید جاری ہیں اور ممکنہ دہشت گردی کے خطرات کے پیش نظر سیکورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے۔