کراچی: سمی دین بلوچ سمیت 4 افراد ایم پی او ایکٹ کے تحت ایک ماہ کیلئے زیرحراست*
*کراچی: سمی دین بلوچ سمیت 4 افراد ایم پی او ایکٹ کے تحت ایک ماہ کیلئے زیرحراست*
سندھ حکومت نے کراچی میں بلوچ یکجہتی کمیٹی (بی وائی سی) کے رہنما سمی دین بلوچ سمیت 5 افراد کو مینٹیننس آف پبلک آرڈر (ایم پی او) کے تحت 30 روز کے لیے حراست میں لے لیا۔
کراچی پولیس نے دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرنے پر سمی دین بلوچ اور متعدد دیگر افراد کو حراست میں لے لیا اور بی وائی سی کی قیادت کی حالیہ گرفتاریوں اور کوئٹہ دھرنے پر کریک ڈاؤن کے خلاف احتجاج کی کوشش ناکام بنادی۔
بلوچ یکجہتی کمیٹی نے اپنے اہم رہنماؤں بشمول ڈاکٹر مہرنگ بلوچ کی ’غیر قانونی حراست‘ کے خلاف کراچی پریس کلب پر احتجاج کا اعلان کیا تھا، جنہیں ہفتے کو کوئٹہ میں ان کے احتجاجی کیمپ سے 16 دیگر کارکنوں کے ساتھ گرفتار کیا گیا تھا۔
کراچی میں آرٹلری میدان پولیس نے دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر سمی اور 5 دیگر زیر حراست کارکنوں کے خلاف دفعہ 188 (سرکاری ملازم کے حکم کی نافرمانی) کے تحت مقدمہ درج کیا۔