شاہراہ فیصل پر ٹریفک حادثہ میاں بیوی جاں بحق۔ ڈرائیور گرفتار
شاہراہ فیصل پر ٹریفک حادثہ میاں بیوی جاں بحق
کراچی ؛شاہراہ فیصل پر تیز رفتار کار فٹ پاتھ پر بیٹھے میاں بیوی پر چڑھ گئی جس کے نتیجے میں دونوں جاں بحق ہو گئے۔تفصیلات کے مطابق شاہراہ فیصل تھانے کی حدود فیصل بیس کے قریب بدھ کی شب تیز رفتار کرولا کار فٹ پاتھ پر بیٹھے خاتون اور مرد پر چڑھ دوڑی جس کے نتیجے میں دونوں موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔اطلاع پر پولیس اور ریسکیو ادارے کے رضاکار موقع پر پہنچے اور دونوں کی لاشوں کو جناح اسپتال منتقل کیا جبکہ قریب موجود شہریوں نے کار ڈرائیور کو پکڑ لیا اور اسے تشدد کا نشانہ بنایا۔واقعہ کے باعث ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوئی۔پولیس نے ملزم کو شہریوں کے چنگل سے نکال کر تھانے منتقل کیا۔حادثے میں جاں بحق ہونے والے مممیاں بیوی تھے جن کی شناخت 30 سالہ ایاز اور 25 سالہ اقصیٰ زوجہ ایاز کے ناموں سے ہوئی۔عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ دونوں میاں بیوی روڈ کے کنارے فٹ پاتھ پر افطاری کے لیے بیٹھے ہوئے تھے جب تیز رفتار کار نے ان کو ٹکر ماری۔متوفین کورنگی اللہ والا ٹاؤن کے رہائشی تھے اور ملازمت سے واپس آرہے تھے،دونوں کی چار سال قبل شادی ہوئی تھی۔ جاں بحق خاتون نارتھ کراچی کے اسکول میں ٹیچر تھیں جبکہ جاں بحق ایاز سہراب گوٹھ کے قریب فیکٹری میں ملازمت کرتا تھا۔پولیس کے مطابق ملزم انیق ایاز ولد ایاز امام اپنے دو دوستوں کے ساتھ گلشن اقبال سے ڈیفنس جا رہا تھا۔