پاکستان اسٹیل ملز کے برطرف ملازمین کا بن قاسم ریلوے اسٹیشن پر احتجاج مرکزی ریلوے ٹریک بند کر دیا
پاکستان اسٹیل ملز کے برطرف ملازمین نے اپنے مطالبات کے حق میں احتجاج کرتے ہوئے بن قاسم ریلوے اسٹیشن کے قریب مرکزی ریلوے ٹریک بند کر دیا ہے۔ احتجاج کے باعث کراچی کا ملک بھر سے ریلوے رابطہ منقطع ہو گیا ہے*۔
ریلوے ٹریک بند ہونے کے نتیجے میں اپ اور ڈاؤن ٹریک پر چلنے والی تمام ٹرینیں روک دی گئی ہیں، جبکہ متعدد ٹرینیں مختلف اسٹیشنوں پر کھڑی کر دی گئی ہیں۔ ریلوے ذرائع کے مطابق مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے اور ریلوے انتظامیہ بھی پریشان نظر آ رہی ہے۔
احتجاجی ملازمین کا مطالبہ ہے کہ جبری برطرفیوں کو فوری طور پر واپس لیا جائے، انہیں دیگر سرکاری اداروں میں ملازمتیں دی جائیں یا پھر مناسب گولڈن ہینڈ شیک فراہم کیا جائے۔
احتجاج میں سول سوسائٹی کے افراد، مقامی شہری، اور دیگر مزدور تنظیمیں بھی شریک ہیں۔ مظاہرین کا کہنا ہے کہ جب تک ان کے مطالبات پورے نہیں ہوتے، احتجاج جاری رہے گا۔
پولیس اور انتظامیہ کی جانب سے مظاہرین سے مذاکرات کی کوشش کی جا رہی ہے، تاہم تاحال کوئی پیش رفت نہیں ہو سکی۔ سیکیورٹی اداروں کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔
مسافروں سے گزارش کی جا رہی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں