رخصتی نہ ہونے پر پولیس اہلکار نے بیوی کو فائرنگ کر کے قتل کر دی
رخصتی نہ ہونے پر پولیس اہلکار نے بیوی کو فائرنگ کر کے قتل کر دی
قمبر کے نواحی علاقے راہوجا گوٹھ، لاڑکانہ روڈ پر ایک دل خراش واقعہ پیش آیا جہاں ایک پولیس اہلکار نے اپنی بیوی کو دن دہاڑے فائرنگ کر کے قتل کر دیا اور موقع سے فرار ہو گیا۔ مقتولہ، صدف، ایک پرائمری اسکول کی ٹیچر تھی جو اسکول سے واپسی پر اپنے گھر جا رہی تھی کہ اسی دوران اس کے شوہر نے اسے نشانہ بنایا۔
پولیس ذرائع کے مطابق مقتولہ صدف اور ملزم فرید حاصلوں کا نکاح ایک سال قبل ہوا تھا، تاہم رخصتی تاحال نہیں ہوئی تھی۔ فرید، جو کہ پولیس فورس میں خدمات انجام دے رہا ہے، مسلسل صدف پر رخصتی کے لیے دباؤ ڈال رہا تھا۔ خاندان کے ذرائع کا کہنا ہے کہ صدف کو فرید کے کردار پر شک تھا اور اس نے عدالت میں خلع کی درخواست بھی دائر کر رکھی تھی۔
صدف کے بھائی کے مطابق فرید متعدد بار گھر آ کر اسلحے کی نمائش کرتا اور سنگین نتائج کی دھمکیاں دیتا تھا۔ واقعے کے روز بھی فرید اپنی گاڑی میں صدف کے اسکول کے قریب پہنچا اور فائرنگ کر کے اسے قتل کر دیا۔ فائرنگ کے بعد وہ جائے وقوعہ سے فرار ہو گیا۔
پولیس نے مقتولہ کے بھائی کی مدعیت میں فرید حاصلوں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے اور ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ صدف کی نمازِ جنازہ ادا کر کے اسے آبائی گاؤں کے قبرستان میں سپردِ خاک کر دیا گیا ہے۔
مزید تفتیش جاری ہے۔