پاکستان سپر لیگ فول پروف سیکیورٹی پلان تیار کر لیا گیا
کراچی( )پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 10 کے حوالے سے نیشنل بینک کرکٹ اسٹیڈیم کراچی میں ہونے والے میچز کے لیے جامع اور فول پروف سیکیورٹی پلان تیار کر لیا گیا ہے۔ ان میچز کے دوران 6700 پولیس اہلکار متعدد مقامات پر سیکیورٹی فرائض دیں گے۔ پلان کے مطابق 950 ایس ایس یو کمانڈوز اور لیڈی کمانڈوز سمیت سیکیورٹیث ڈویژن کے 1666 اہلکار، ٹریفک پولیس کے 1390، اسپیشل برانچ کے 328 اور ڈسٹرکٹ پولیس اہلکار دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ہمراہ کراچی ایئرپورٹ، روٹس، ہوٹلز اور دیگر اہم مقامات پر سیکیورٹی فرائض سر انجام دیں گے۔ سیکیورٹی کو مربوط بنانے کے لیے حساس مقامات پر ماہر نشانہ باز تعینات کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ تربیت یافتہ کمانڈوز پر مشتمل اسپیشل ویپن اینڈ ٹیکٹکس (S.W.A.T) ٹیم ایس ایس یو ہیڈکوارٹرز میں ہائی الرٹ رہے گی۔ یہ ٹیم کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے اسٹیڈیم کے اطراف میں گشت پر بھی مامور رہے گی۔ اسٹیڈیم کے ارد گرد امن و امان کی نگرانی کے لئے ایس ایس یو کی خصوصی کمانڈ اینڈ کنٹرول بس بھی تعینات کی جائے گی۔اسٹیڈیم کے احاطے میں سی این جی سیلنڈر نصب شدہ اور ڈرونز کے استعمال پر سخت پابندی ہوگی۔حکام اس بات کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہیں کہ کراچی میں پی ایس ایل 10 کے میچز کے دوران کھلاڑیوں، عہدیداروں اور تماشائیوں کے لیے ایک محفوظ اور پرامن ماحول فراہم کیا جائے۔ تماشائیوں سے درخواست کی جاتی ہے کہ وہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ تعاون کریں اور سیکیورٹی پروٹوکولز پر عمل کریں تاکہ اس ایونٹ کو کامیاب اور خوشگوار طریقے سے منعقد کیا جا سکے۔پولیس کے مطابق اسٹیڈیم کے اطراف تمام سڑکیں ٹریفک کی آمدورفت کے لیے کھلی رہیں گی۔سر شاہ سلیمان روڈ استعمال کرنے والی عوام الناس کسی بھی زحمت سے بچنے کے لیے میچ کے دوران متبادل راستہ اختیار کریں۔نیشنل بینک اسٹیڈیم میچ دیکھنے آنے والے شائقین کے لیے اسٹیڈیم سے متصل چائنہ گراؤنڈ اور نیشنل کوچنگ سینٹر میں گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی پارکنگ کا انتظام کیا گیا ہے جبکہ وی آئی پیز اور خصوصی پاسز کی حامل گاڑیوں کی پارکنگ اسٹیڈیم کے اندر رکھی گئی ہے۔اسٹیڈیم میں داخلے کے لیے صرف مرکزی گیٹ اور گیٹ نمبر04، 05، 12، 13 اور 14 استعمال کیے جا سکے گیں۔ اسکے علاوہ تمام گیٹس تماشائیوں کے داخلے کے لیے بند رہیں گے۔صرف وی آئی پیز اور اسٹیکر/پاسز کی حامل گاڑیاں گیٹ نمبر 8 سے داخل ہوسکیں گی۔نیشنل بینک اسٹیڈیم کے تمام گیٹ میچ کے شروع ہونے سے 3 گھنٹے پہلے کھول دیے جائیں گے۔کسی بھی قسم کی پریشانی و زحمت سے بچنے کے لیے میچ شروع ہونے سے قبل تشریف لائیں۔تمام تماشائیوں کو داخلی دروازوں پر سیکیورٹی چیکنگ سے گزارا جائے گا۔تماشائی و ہر ٹکٹ ہولڈر کو اپنا اصل قومی شناختی کارڈ اور ٹکٹ/میچ پاس کارڈ (اصل)ء دکھانا ضروری ہوگا۔اسٹیڈیم میں داخل ہونے کے لیے اپنا اصل قومی شناختی کارڈ لازمی ہمراہ لائیں۔اسٹیڈیم میں داخل ہونے کے لیے فزیکل میچ ٹکٹ (اصل میچ ٹکٹ کی ہارڈ کاپی) کا ہونا لازمی ہے۔آن لائن ٹکٹس پر اسٹیڈیم میں داخلہ ممکن نہیں ہوگا۔جن افراد نے آن لائن ٹکٹس بک کرائے ہیں وہ ٹی سی ایس کے مقرر کردہ مراکز سے اپنے فزیکل ٹکٹس حاصل کر سکتے ہیں۔تماشائیوں کو اسٹیڈیم میں کھانے پینے کی کوئی بھی چیز، مشروبات، گلاس، پلاسٹک بوتلیں، یا کوئی بھی نشہ آور اور ممنوع اشیاء لانے کی اجازت نہیں ہوگی۔کھانے پینے اور ریفریشمنٹ کی اشیاء اسٹیڈیم کے اندر لگے اسٹالز پر دستیاب ہوگی۔ممنوعہ اشیاء میں آتشی اسلحہ، کھلونا بندوق، دھماکہ خیز مواد، آتشبازی، سگریٹ، میچ باکس، لائٹر، خواتین کے ہینڈبیگ، تیز دھار اشیاء (جیسے چاقو) اور دھاتی/لکڑی کی اشیاء شامل ہیں۔اسٹیڈیم کے احاطے میں سی این جی سلینڈر نصب شدہ گاڑیوں کے داخلے اور ہر قسم کے ڈرون کیمروں کے استعمال پر سخت پابندی ہوگی۔