صفائی نہ ہونے پر انچارج نوکری سے فارغ ہوگا، آئی جی ریلویز*

0

لاہور: آئی جی ریلویز پولیس رائے طاہر (ہلال شجاعت، ستارہ امتیاز) کی سربراہی میں سینٹرل پولیس آفس ریلویز میں اہم ایس آر پی میٹنگ کا انعقاد ہوا جس میں آئی جی ریلویز پولیس نے ریلوے تھانہ جات اور چوکیات سمیت تمام یونٹس میں صفائی کے نظام کو بہتر بنانے کے سخت احکامات جاری کئے۔ ڈیوٹی میں غفلت برتنے اور ریلوے کی چوری کو پکڑنے میں ناکام ہونے والے کے خلاف سخت محکمانہ ایکشن لیا جائے گا۔ آئی جی کا کہنا تھا کہ ریلوے کے سامان اور مسافروں کی جان و مال کی حفاظت ہمارا اولین فریضہ ہے لہٰذا چوروں کو پکڑنے کے لئے ان کے اوپر تحقیق کرکے ان کو عدالت سے سخت سے سخت سزا دلوائی جائے۔

 

ریلویز پولیس کے تھانہ جات اور چوکیوں میں تعینات تفتیشی افسروں کو خوشخبری سناتے ہوئے بیان کیا کہ آج سے کسی بھی تفتیشی کو تفتیش کے لئے پہلے خود سے اخراجات اٹھانے کی ضرورت نہیں ہوگی بلکہ ان کو تفتیش کی مد میں ایڈوانس رقم اور اس حوالے سے تمام تھانہ جات کے محرران کو تفتیش اور اسٹیشنری کے لئے ایڈوانس رقم فراہم کی جارہی ہے۔ آئی جی کا مزید کہنا تھا کہ تمام ایس پی اور ایس ایچ او صاحبان ٹرینوں کو خود چیک کیا کریں گے اور ہر ایس ایچ او صبح 8 سے 11 اور سہ پہر 3 سے 5 اپنے تھانے میں حاضر رہے گا جبکہ دیگر اوقات میں اپنے علاقہ میں پٹرولنگ بھی کرے گا۔ ملازمین کی ویلفیئر کے حوالے سے آئی جی کا کہنا تھا کہ ویلفیئر کے کیسز میں کسی بھی قسم کی رکاوٹ اور دیر نہیں ہوگی۔ تمام ایس پیز کو خصوصی ہدایات دیں کہ وہ سول پارچات میں ٹرینوں کی چیکنگ کریں اور ملازمین کا ٹرن آؤٹ بہتر سے بہتر بنائیں۔ آئی جی نے کرپشن کے حوالے سے تنبیہ کیا کہ پیسے لینے والے افسر کو محکمے سے فارغ کردیا جائے گا۔ سپاہی کے کرپشن کرنے پر اس کے ساتھ ساتھ محرر اور ایس ایچ او کو بھی سزادی جائے گی۔ لہٰذا ایمانداری سے نوکری کریں اور ریلوے مسافروں کی خدمت کریں۔ ریلوے مسافروں اور ریلوے ساز و سامان کی حفاظت ہمیشہ ریلویز پولیس کی ترجیح رہے گی اور ہر طرح کی سیکیورٹی ریلویز پولیس فراہم کرے گی ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.