بلڈر و پراپرٹی ڈیلر سے 3 کروڑ روپے بھتہ طلب کرنے والے ملزم کو گرفتار
بلڈر و پراپرٹی ڈیلر سے 3 کروڑ روپے بھتہ طلب کرنے والا ملزم گرفتار
کراچی( )ڈیفنس پولیس اور حساس ادارے نے بلڈر و پراپرٹی ڈیلر سے 3 کروڑ روپے بھتہ طلب کرنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا۔تفصیلات کے مطابق ڈیفنس پولیس نے حساس ادارے کے تعاون سے کارروائی کرتے ہوئے بھتہ خوری میں ملوث ملزم احتشام کو گرفتار کر لیا جو ڈی ایچ اے میں ایک بلڈر و پراپرٹی ڈیلر سے تین کروڑ روپے بھتہ طلب کر رہا تھا۔پولیس کے مطابق 12 اپریل 2025 کو ملزم کی جانب سے متاثرہ شخص امین اور خورشید کو ایک لفافہ موصول ہوا جس میں ایک گولی، دھمکی آمیز پرچی اور تصاویر شامل تھیں۔ یہ لفافہ ایک ورکر کے ذریعے پہنچایا گیا۔ ملزم نے اپنی شناخت چھپانے کے لیے ماسک، چشمہ اور ٹوپی کا استعمال کیا۔واقعے کی ایف آئی آر تھانہ ڈیفنس میں درج کی گئی۔ 16 اپریل کو ملزم نے یو کے نمبر سے واٹس ایپ کال کر کے متاثرہ شخص امین کو بھتہ نہ دینے کی صورت میں سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں اور بعد میں اس کے پارٹنر خورشید سے بھی رابطہ کر کے اسی نوعیت کی دھمکیاں دیں۔23 اپریل کو ملزم ڈی ایچ اے آیا اور صورتحال کا جائزہ لیا جبکہ 24 اپریل کو آخری دھمکی آمیز پیغام بھی ارسال کیا۔ڈیفنس پولیس نے حساس ادارے کے ساتھ بروقت کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ملزم کے قبضے سے ایک عدد نائن ایم ایم پستول بمعہ چار زندہ راؤنڈز،بھتہ خوری میں استعمال ہونے والا موبائل فون اور یو کے نمبر کی سم جو دھمکی آمیز کالز اور پیغامات میں استعمال کی گئی برآمد کی گئی ہے۔ملزم کے خلاف تھانہ ڈیفنس میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور اس سے مزید تفتیش جاری ہے