ڈکیتوں کے خلاف پولیس مقابلے، تین ڈاکو ہلاک، اسلحہ و موٹر سائیکل برآمد

0

ڈکیتوں کے خلاف پولیس مقابلے، تین ڈاکو ہلاک، اسلحہ و موٹر سائیکل برآمد

 

کراچی () پولیس اور اسٹریٹ کرمنلز کے درمیان دو مختلف مقامات پر مقابلوں میں تین ڈاکو ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق، نیو ایم اے جناح روڈ پردہ پارک کے قریب شہری سے لوٹ مار میں مصروف ملزمان کو گشت پر مامور پولیس اہلکاروں نے رنگے ہاتھوں پکڑنے کی کوشش کی۔

اہلکاروں کی کارروائی پر ملزمان نے فائرنگ شروع کردی، جس پر جوابی کارروائی میں ایک ڈاکو ہلاک جبکہ دوسرا زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔ تھانہ جمشید کوارٹرز پولیس نے ہلاک اور زخمی ملزم کو ضابطے کی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کردیا ہے۔ دوسری جانب خواجہ اجمیر نگری میں گجر فلیٹ رشیدآباد کے علاقے میں پولیس اور ملزمان کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ ترجمان ایس ایس پی ڈسٹرکٹ سینٹرل ذیشان شفیق صدیقی کے مطابق، تیموریہ پولیس نے دوران گشت پیالہ ہوٹل کے قریب مشتبہ ملزمان کو روکنے کی کوشش کی جس پر ملزمان نے پولیس پر فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہونے کی کوشش کی۔ پولیس نے تعاقب کرتے ہوئے خواجہ اجمیر نگری میں ملزمان کا گھیراؤ کیا، جہاں دو طرفہ فائرنگ کے نتیجے میں دونوں ڈاکو مارے گئے۔ جائے وقوعہ سے دو عدد پسٹل، مسروقہ موبائل فونز اور ایک موٹر سائیکل برآمد کرلی گئی۔ پولیس حکام کے مطابق، ہلاک ملزمان کی شناخت کا عمل جاری ہے اور مزید قانونی کارروائی کے لیے لاشوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ ملزمان شہر میں لوٹ مار کی وارداتوں میں ملوث تھے۔۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.