گلشن اقبال 12 دری اپارٹمنٹ میں خاتون کے قتل میں ملوث دو ملزمان گرفتار
)ایسٹ انویسٹی گیشن پولیس نے خاتون کے اندھے قتل کا معمہ حل کرتے ہوئے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔پولیس کے مطابق گلشن اقبال کے بارہ دری اپارٹمنٹ میں عمر رسیدہ خاتون کے اندھے اور سنگین قتل کے کیس میں پولیس نے مؤثر تفتیش اور بروقت کارروائی کے ذریعے کیس کا سراغ لگا لیا گیا ہے۔پولیس نے واقعہ میں ملوث دو ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے جو واردات میں براہ راست ملوث پائے گئے۔پولیس نے بتایا کہ 22 اپریل 2025 کو تھانہ عزیز بھٹی کی حدود میں واقع بارہ دری اپارٹمنٹ بلاک 13 ڈی گلشن اقبال کے فلیٹ نمبر B-2 سے 57 سالہ افشاں بانو دختر صالحین کی لاش برآمد ہوئی تھی جس کے ہاتھ اور پاؤں بندھے ہوئے تھے اور منہ پر کپڑے لپیٹے ہوئے تھے۔انویسٹی گیشن پولیس نے جدید ٹیکنیکل ذرائع، شواہد اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے ذریعے کارروائی کرتے ہوئے اس اندھے قتل کا معمہ حل کرتے ہوئے قتل کی واردات میں ملوث دو ملزمان آصف عرف پھلا ولد ارشاد مسیح اور رحمان عرف ٹڈی ولد خالد مسیح کو گرفتار کر لیا۔پولیس کے مطابق ابتدائی تفتیش میں ملزمان نے اعتراف کیا ہے کہ مقتولہ چونکہ فلیٹ میں اکیلی رہائش پذیر تھیں اس لیے انہیں آسان ہدف سمجھ کر چوری کا منصوبہ بنایا گیا۔ملزمان وقوعہ کے روز چوری کی نیت سے فلیٹ میں داخل ہوئے جس کے دوران مقتولہ نے مزاحمت کی جس پر اس کو قابو کرکے ہاتھ پاؤں باندھے اورمنہ پر کپڑا لپیٹ کر قتل کردیاجس کے بعد گھر سے کچھ سونے، چاندی اور پیتل کے آرٹیفیشل زیورات (جن کی تفصیلات جمع کی جا رہی ہیں) اور تقریباً ستر ہزار روپے نقد رقم چرا کر فرار ہو گئے۔پولیس نے بتایا کہ شواہد کی بنیاد پر مزید تفتیش بھی عمل میں لائی جا رہی ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ شریک جرم یا سہولت کار کی نشاندہی کی جا سکے۔