دہشت گردی کے خلاف فرنٹ لائن پر لڑنے والا حساس ادارہ مستقبل میں سنگین خطرےکا شکار ہوسکتا ہے

بم ڈسپوزل یونٹ بحران کا شکار: افسران کی ریٹائرمنٹ، ترقیوں میں تاخیر اور افرادی قلت سنگین مسئلہ بن گئے

0

کراچی (رپورٹ: عاطف رضا ) ملک میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جہاں پولیس، رینجرز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے اپنی جانفشانی سے فرائض انجام دے رہے ہیں، وہیں بم ڈسپوزل یونٹ (BDU) ایک سنگین بحران کی جانب بڑھ رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق اس یونٹ سے وابستہ بیشتر سینیئر افسران اگلے ایک سے دو برس میں ریٹائر ہو رہے ہیں، جبکہ گزشتہ کئیسالوں سے ترقیوں کا عمل تعطل کا شکار ہے۔

 

بم ڈسپوزل یونٹ کے ایک سینیئر افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ یونٹ میں نچلے رینک کے افسران کئی سالوں سے ترقی کے منتظر ہیں، جبکہ اعلیٰ عہدوں پر لگ بھگ چھ اسامیاں خالی پڑی ہیں۔ ترقی نہ ہونے کے باعث ان پر تعیناتیاں ممکن نہیں ہو رہیں، جس سے یونٹ کی کارکردگی متاثر ہو رہی ہے۔

افسر کا مزید کہنا تھا کہ ماضی میں جب افسران بیرون ملک سے جدید تربیت لے کر آتے تھے تو وہ اپنا علم دیگر اہلکاروں میں منتقل کرتے تھے، لیکن ایک ساتھ متعدد سینئر افسران کے ریٹائر ہونے سے یونٹ میں تربیت و مہارت کا تسلسل متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

 

یاد رہے کہ ماضی میں افرادی قوت میں کمی کی شکایت پر مختلف یونٹس سے افراد کو BDU میں منتقل کیا گیا اور انہیں تربیت دی گئی، تاہم بعد ازاں ان اقدامات پر توجہ نہ دی گئی جس سے مسائل دوبارہ سر اٹھانے لگے ہیں۔

ذرائع کے مطابق تقریباً 12 سال قبل غیر ملکی امداد سے BDU کو ای او ڈی سوٹس، مکمل کٹس اور گاڑیاں فراہم کی گئی تھیں، لیکن ان حساس آلات کی مناسب مینٹیننس نہ ہونے کی وجہ سے ان کی کارکردگی ماند پڑ چکی ہے۔ ان آلات کو مخصوص تکنیکی معیار کے مطابق استعمال کرنا ضروری تھا، مگر انہیں عام آلات کی طرح استعمال کیا جانے لگا۔

افسر نے خبردار کیا کہ دہشت گرد جدید طریقوں سے حملے کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، اس لیے ضروری ہے کہ بم ڈسپوزل یونٹ کو بھی جدید خطوط پر استوار کیا جائے۔ اگر اب بھی افرادی قوت، تربیت اور سازوسامان کے مسائل حل نہ کیے گئے تو مستقبل قریب میں یونٹ شدید مشکلات کا شکار ہو سکتا ہے ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.