سعودی ڈائریکٹوریٹ جنرل برائے نارکوٹکس کنٹرول کے ڈائریکٹر جنرل کا پاکستان کا سرکاری دورہ

0

سعودی ڈائریکٹوریٹ جنرل برائے نارکوٹکس کنٹرول کے ڈائریکٹر جنرل کا پاکستان کا سرکاری دورہ

 

اسلام آباد،

سعودی عرب کے جنرل ڈائریکٹوریٹ برائے نارکوٹکس کنٹرول کے ڈائریکٹر جنرل، ایکسیلینسی میجر جنرل محمد بن سعید القرنی، ایک اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ پاکستان کے سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچے۔ اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ڈائریکٹر جنرل اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) پاکستان، میجر جنرل عبدالمعید ہلال امتیاز (ملٹری) نے معزز وفد کا پرتپاک استقبال کیا۔

دورے کے دوران سعودی وفد نے وزیر مملکت برائے داخلہ و نارکوٹکس کنٹرول، جناب طلال چوہدری سے ملاقات کی، جس میں دونوں برادر ممالک کے درمیان دیرینہ تعلقات، باہمی اعتماد اور خیر سگالی کے جذبات کو اجاگر کیا گیا۔

 

سعودی وفد نے اے این ایف ہیڈکوارٹرز کا دورہ بھی کیا، جہاں ڈی جی اے این ایف میجر جنرل عبدالمعید ہلال امتیاز نے اپنے سعودی ہم منصب کو خوش آمدید کہا۔ وفد کو اے این ایف کی جانب سے منشیات کے خلاف پاکستان کی علاقائی اور عالمی سطح پر کی جانے والی کاوشوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان انسداد منشیات کے لیے جاری تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا۔

ملاقاتوں کے دوران دونوں ممالک نے انٹیلیجنس معلومات کے مؤثر تبادلے، مشترکہ آپریشنز، اور ادارہ جاتی استعدادکار میں اضافے کے لیے مختلف امکانات پر تبادلہ خیال کیا۔

یہ اعلیٰ سطحی دورہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان انسداد منشیات کے میدان میں طویل المدتی شراکت داری کو مزید مستحکم بنانے کی جانب ایک اہم قدم ثابت ہوگا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.