ضلع وسطی میں ایمرجینسی نافذ: ڈپٹی کمشنر کی زیر صدارت ایپیکس کمیٹی کا ہنگامی اجلاس

0

 

 

کراچی: ڈپٹی کمشنر ضلع وسطی کی زیر صدارت ایپیکس کمیٹی کا ایک ہنگامی اجلاس منعقد ہوا جس میں حالیہ سیکیورٹی صورتحال پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں تمام اسسٹنٹ کمشنرز، میونسپل کمشنرز، حساس اداروں کے افسران، سندھ ایمرجینسی کے افسر سعد بھٹو، کے الیکٹرک، اور پولیس کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں آج ملیر اور گلشن حدید میں گرنے والے مشکوک ڈرون پر شدید تشویش اور غصے کا اظہار کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر ضلع وسطی نے فوری طور پر ضلع کے تمام اداروں میں ایمرجینسی نافذ کرنے کا اعلان کیا۔

 

ڈپٹی کمشنر طحہ سلیم کا کہنا تھا کہ "بھارت کا جنگی جنون اسے لے ڈوبے گا، ہم اپنی عوام کے تحفظ کے لیے چوبیس گھنٹے تیار ہیں۔” انہوں نے ہدایت دی کہ تمام ادارے اپنے فوکل پرسنز مقرر کریں اور تمام مشینری میں فیول ہر وقت مکمل رکھا جائے۔

 

صورتحال کی سنگینی کے پیش نظر فوری طور پر کنٹرول روم قائم کر دیا گیا ہے، جس کے رابطہ نمبرز 99260049 اور 99334196 جاری کیے گئے ہیں۔

 

ڈپٹی کمشنر نے یہ بھی ہدایت دی کہ لاؤڈ اسپیکرز، ایمبولینسز اور فرسٹ ایڈ میڈیسن ہر وقت تیار رکھی جائیں، اور تمام ادارے اپنے ملازمین کی چھٹیاں فوری طور پر منسوخ کر دیں۔

 

ایمرجینسی صورتحال کے دوران فوکل پرسن کی ذمہ داری ڈپٹی کمشنر سینٹرل توقیر احمد کو سونپی گئی ہے۔

 

 

 

Leave A Reply

Your email address will not be published.