*پاکستان نے سیز فائر کی کوئی درخواست نہیں کی، جنگ بندی کی خواہش بھارت کی تھی، ترجمان پاک فوج*

0

ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ بھارتی جارحیت کے نتیجے میں آپریشن بُنْيَانٌ مَّرْصُوْص شروع کیا اور الحمداللہ، افواج پاکستان نے قوم سے کیا گیا وعدہ نبھایا جس پر ہم اللہ کے شکر گزار ہیں، پاکستان نے سیز فائر کی کوئی درخواست نہیں کی، جنگ بندی کی خواہش بھارت کی تھی۔

 

ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے پاک فضائیہ اور پاک بحریہ کے سینئر افسران کے ہمراہ پریس کانفرنس کی۔

 

اس موقع پر ترجمان پاک فوج لیفٹینینٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ 6 اور 7 مئی کو بھارتی جارحیت کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت درجنوں شہادتیں ہوئیں، ہمارے دل اور ہمدردیاں شہدا کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں، بھارتی جارحیت کے نتیجے میں آپریشن بنیان مرصوص شروع کیا اور پاکستان کی مسلح افواج نے قوم سے کیا ہوا وعدہ نبھایا جس پر ہم اللہ کے شکر گزار ہیں۔

 

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ میدان جنگ میں منہ توڑ جواب دیا گیا، مسلح افواج بہادر پاکستانی قوم کو خراج تحسین پیش کرتی ہے، ہم پاکستان کے نوجوانوں کے بھی احسان مند ہیں، نوجوان فرنٹ لائن سولجر کے طور پر سامنے آئے، ہم میڈیا اور بلا کسی امتیاز کے تمام سیاسی قیادت کے بھی مشکور ہیں، ہم وزیراعظم اور ان کی کابینہ کی جرات مندانہ فیصلوں پر بھی انکے مشکور ہیں۔

 

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے مزید کہا کہ بھارت نے ڈرونز کے ذریعے پاکستان کے فضائی حدود کی خلاف ورزی کی، ہم نے دشمن کے خلاف فتح گائیڈڈ میزائل ون اور ٹو کا استعمال کیا، پاکستان نے تمام حملے انتہائی مہارت کے ساتھ کیے تاکہ شہری آبادی نشانہ نہ بنے، 2 مقامات پر بھارت کے ایس 400 بیٹری سسٹم کو کامیابی سے نشانہ بنایا۔

 

ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ پاکستان کا رد عمل نصاب بن جانے والا تھا، بھارت کے 26 ملٹری ٹارگٹس اور فیسیلیٹیز کو نشانہ بنایا، مقبوضہ کشمیر اور بھارت کے مین لینڈ میں نشانہ بنایا گیا، سری نگر، جموں، ادھم پور، پٹھان کوٹ اور دیگر علاقوں میں زبردست نقصان ہوا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.