سہراب گوٹھ، مچھر کالونی میں ’ڈاکٹر نظام الدین چیک پوسٹ‘ قائم،
کراچی ()
شہر قائد کے جرائم سے متاثرہ علاقے سہراب گوٹھ کی مچھر کالونی میں پولیس نے نئی چیک پوسٹ قائم کر دی۔ چیک پوسٹ کو ’ڈاکٹر نظام الدین چیک پوسٹ‘ کا نام دیا گیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد علاقے میں جرائم پیشہ عناصر کی سرگرمیوں پر قابو پانا اور شہریوں کو تحفظ فراہم کرنا ہے۔
تفصیلات کے مطابق، چیک پوسٹ کا قیام ایس ایس پی ایسٹ ڈاکٹر فرخ رضا کی خصوصی ہدایت پر عمل میں لایا گیا۔ حالیہ دنوں میں مچھر کالونی اور گرد و نواح میں جرائم کی وارداتوں میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا تھا، جس کے پیش نظر یہ قدم اٹھایا گیا۔
ذرائع کے مطابق، ایس ڈی پی او سہراب گوٹھ چوہدری سہیل فیض، ڈاکٹر نظام اور سید شہزاد رضا نے صورتِ حال کا جائزہ لینے کے بعد پولیس کے اعلیٰ افسران سے علاقے میں مستقل پولیس چوکی قائم کرنے کی سفارش کی تھی، جسے منظوری دے دی گئی۔
گزشتہ روز ایس ایچ او سہراب گوٹھ وزیر سموں، سید شہزاد رضا اور ڈاکٹر نظام نے چیک پوسٹ کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ اس موقع پر کیک کاٹا گیا اور تقریب میں اہلکاروں نے شرکت کی۔
پولیس کے مطابق، چیک پوسٹ پر اے ایس آئی سمیت مکمل نفری تعینات کر دی گئی ہے، جو 24 گھنٹے گشت اور نگرانی کرے گی۔ ایس ایچ او وزیر سموں کا کہنا ہے کہ اس چوکی کے قیام سے علاقے میں سیکیورٹی کی صورتحال بہتر ہو گی اور جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی میں واضح مدد ملے گی۔
شہری حلقوں نے اس اقدام کا خیر مقدم کرتے ہوئے اُمید ظاہر کی ہے کہ مستقل نگرانی اور پولیس کی موجودگی سے علاقے میں امن قائم ہو گا۔
—