عید قرباں کی آمد پر کراچی میں واردات، ڈاکو لاکھوں مالیت کے مویشی چھین کر فرار
کراچی — عید قرباں کی آمد کے ساتھ ہی شہر قائد میں جرائم پیشہ عناصر بھی سرگرم ہو گئے۔ لیاقت آباد کے علاقے میں ڈاکو بھینس کالونی سے خریدے گئے لاکھوں روپے مالیت کے قربانی کے جانور اسلحے کے زور پر چھین کر فرار ہو گئے۔
پولیس کے مطابق متاثرہ شہری تین مویشی خرید کر ٹرک میں لاد کر اورنگی ٹاؤن جا رہا تھا کہ لیاقت آباد کے قریب گاڑی میں سوار مسلح ملزمان نے تعاقب کر کے ٹرک روک لیا۔ واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آ گئی ہے جس میں ڈاکوؤں کو کارروائی کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق ملزمان نے ڈرائیور کو اسلحے کے زور پر ٹرک سے اتار کر اپنی کار میں بٹھایا اور جانوروں سے بھرا ٹرک خود لے کر فرار ہو گئے۔ کچھ فاصلے پر جا کر ڈاکو ڈرائیور کو چھوڑ گئے جبکہ خالی ٹرک نیپا چورنگی کے قریب سے برآمد ہوا۔
متاثرہ شہری کا کہنا ہے کہ چھینے گئے مویشیوں کی مالیت چھ لاکھ روپے سے زائد ہے۔ پولیس حکام کے مطابق مویشیوں کا تاحال کوئی سراغ نہیں ملا تاہم واقعے کی تفتیش جاری ہے۔
شہری حلقوں نے عید کے موقع پر بڑھتی ہوئی وارداتوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مویشی منڈیوں اور شاہراہوں پر سیکیورٹی بڑھانے کا مطالبہ کیا ہے۔
—