صدر پارکنگ پلازہ کے قریب بے ہوشی کی حالت میں ملنے والے شخص کی جیب سے دو بھارتی پاسپورٹ برامد حساس ادارے متحرک

0

کراچی : جناح اسپتال میں بے ہوشی کی حالت میں لائے گئے ایک بزرگ شہری کی جیب سے دو بھارتی پاسپورٹس برآمد ہونے پر پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے حرکت میں آ گئے۔ بزرگ شہری کی شناخت عبدالعزیز کے نام سے ہوئی ہے، جنہیں شہریوں نے بے ہوشی کی حالت میں اسپتال منتقل کیا۔

ابتدائی طبی امداد کے دوران اسپتال کے عملے کو ان کی جیب سے دو بھارتی پاسپورٹس ملے، جس پر فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی گئی۔

 

اطلاع ملتے ہی متعلقہ تھانے کی پولیس کے ہمراہ حساس اداروں کے اہلکار موقع پر پہنچے اور دونوں پاسپورٹس اپنی تحویل میں لے کر عبدالعزیز سے متعلق تفتیش کا آغاز کر دیا۔ ذرائع کے مطابق پاسپورٹس کی نوعیت، عبدالعزیز کی شہریت اور پاکستان میں موجودگی کی قانونی حیثیت سمیت دیگر پہلوؤں پر تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

حکام کے مطابق معاملہ حساس نوعیت کا ہے اور اس کی مکمل چھان بین کے بعد ہی کسی نتیجے پر پہنچا جا سکے گا۔ اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ عبدالعزیز کی ذہنی حالت بھی تسلی بخش نہیں لگتی اور وہ ہوش میں آنے کے باوجود تاحال کوئی واضح معلومات فراہم نہیں کر سکے۔

 

ادھر قانون نافذ کرنے والے ادارے اس معاملے کو ممکنہ سیکیورٹی خدشات کے تناظر میں بھی دیکھ رہے ہیں اور عبدالعزیز کے ماضی، آمد و رفت اور رابطوں کا ریکارڈ کھنگالا جا رہا ہے۔

 

مزید تفصیلات آنے تک عبدالعزیز کو اسپتال میں زیرِ علاج رکھا گیا ہے جبکہ پاسپورٹس کی اصل اور ان کے اجرا سے متعلق بھارتی حکام سے رابطے کا امکان بھی زیر غور ہے۔

 

 

Leave A Reply

Your email address will not be published.