جو دشمن خود کو جنوبی ایشیاء کا تھانیدار سمجھتا تھا اس کے 6 جہاز گرائے: وزیرِ اعظم شہباز شریف
وزیرِ اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پوری تحقیقات کے بعد کہہ رہا ہوں کہ پاکستان نے دشمن کے 6 جہاز گرائے ہیں، جو دشمن اپنے آپ کو جنوبی ایشیاء کا تھانے دار سمجھتا تھا اس کے 6 جہاز گرائے، دشمن کے رافیل، مگ اور ڈرون گرائے۔
یومِ تشکر کے موقع پر پاکستان مونومنٹ شکر پڑیاں اسلام آباد میں خصوصی تقریب ہوئی، جس میں مسلح افواج کی قیادت، وفاقی وزراء، غیر ملکی سفارتکار و دیگر شریک ہوئے، وزیر اعظم شہباز شریف تقریب کے مہمان خصوصی تھے، تقریب میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور سروسز چیفس بھی شریک تھے۔
یوم تشکر کی تقریب میں شہداء کے لیے خصوصی دعا کروائی گئی، پاک فضائیہ کے شاہینوں کا فلائی پاسٹ کے ذریعے قوم کے عزم اور ولولے کو سلام پیش کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے کہا کہ ہمیں اب معاشی میدان میں آگے بڑھنا ہے، شبانہ روز محنت کرنی ہے، سیز فائر کروانے پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کرتا ہوں۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ 1971ء میں ایک دل خراش واقعہ پیش آیا تھا، پوری قوم دعا کر رہی تھی کہ اللّٰہ ہماری افواج کو ایسی کامیابی دے کہ دشمن کبھی دوبارہ ہماری طرف میلی آنکھ سے نہ دیکھے، دشمن نے تحقیقات کی ہماری پیش کش کو انتہائی تحقیر کے انداز میں ٹھکرایا، بدمست دشمن نے پاکستان پر حملہ کیا جس میں معصوم بچے اور خواتین شہید ہوئیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ رات ڈھائی بجے مجھے آرمی چیف نے بتایا کہ دشمن نے میزائل فائر کیے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ آرمی چیف نے کہا کہ اب ہمیں اجازت دیں کہ ہم دشمن کے منہ پر ایسا تھپڑ رسید کریں کہ وہ ساری عمر یاد رکھے، کچھ گھنٹوں بعد آرمی چیف نے مجھے بتایا کہ سیز فائر کی درخواست آ رہی ہے، آرمی چیف سے کہا کہ اللّٰہ نے ہمیں کامیاب کیا ہے، اگر وہ سیز فائر کا کہہ رہا ہے تو ہمیں قبول کرنی چاہیے، اللّٰہ تعالیٰ نے چند گھنٹوں میں ہمیں سرخرو کیا، آج وقت آ گیا ہے کہ ہم اس سفر کا آغاز کر دیں جس کے لیے پاکستان بنا ہے۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ اللّٰہ رب العزت کے شکر گزار ہیں کہ اس نے ہمیں عظیم کامیابی دی، وطنِ عزیز پر جانیں نچھاور کرنے والے شہداء کو سلام پیش کرتے ہیں، یہ دن صدیوں بعد کسی کسی کو ملتا ہے۔