رینجرز کی کارروائی کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والا اہم ملزم درویش عرف ساگر گرفتار

0

کراچی – پاکستان رینجرز (سندھ) اور سندھ پولیس نے مشترکہ انٹیلی جنس بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے کراچی کے علاقے لیاری سے کالعدم بلوچ عسکریت پسند تنظیم سے تعلق رکھنے والے اہم ملزم درویش عرف ساگر کو گرفتار کر لیا ہے۔ کارروائی کے دوران ملزم کے قبضے سے اسلحہ، ایمونیشن اور دستی بم بھی برآمد کیے گئے۔

 

ترجمان رینجرز کے مطابق ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ ملزم درویش عرف ساگر کا تعلق لیاری کے محلہ سرگواد سے ہے۔ اس نے 2015 میں بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن (آزاد) میں شمولیت اختیار کی، بعد ازاں 2018 میں کالعدم تنظیم بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) کے فاروق بلوچ گروپ کا حصہ بن گیا۔

 

ملزم نے دوران تفتیش اعتراف کیا کہ وہ کالعدم تنظیم بی ایل اے اور بلوچ لبریشن فرنٹ (بی ایل ایف) کے کارندوں کو سہولت فراہم کرتا رہا ہے۔ مزید انکشافات میں بتایا گیا کہ وہ حیام بلوچ — جو "بلوچ مسنگ پرسنز” کی سرگرم رکن ہے — کا فرنٹ مین تھا اور خودکش حملہ آور ماہل بلوچ کی ذہن سازی و سہولت کاری میں بھی ملوث رہا ہے۔

 

ملزم درویش عرف ساگر، دہشت گردوں کو علاج، محفوظ پناہ گاہیں فراہم کرنے اور حوالہ ہنڈی کے ذریعے مالی امداد کی ترسیل میں بھی ملوث پایا گیا۔ اس نے انکشاف کیا کہ اس کے قریبی ساتھی فاروق بلوچ، مجید عرف بابا، فراز عرف گنج، ناصر ذکری، شہزاد ذکری بلوچستان اور کراچی میں سیکیورٹی فورسز پر متعدد حملوں میں شریک رہے ہیں، جبکہ اس کے دو ساتھی پرویز ذکری اور ظفر عرف ماما، جعفر ایکسپریس ٹرین حملے کے دوران فورسز کے ساتھ مقابلے میں ہلاک ہو چکے ہیں۔

 

رینجرز ترجمان کے مطابق ملزم کو قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ ملک دشمن عناصر کی نشاندہی کے لیے فوری طور پر رینجرز ہیلپ لائن 1101، واٹس ایپ نمبر 0347-9001111 یا قریبی رینجرز چیک پوسٹ پر اطلاع دیں۔ اطلاع دینے والے افراد کا نام صیغۂ راز میں رکھا جائے گا۔

 

 

Leave A Reply

Your email address will not be published.