مورو میں صوبائی وزیر داخلہ کے گھر پر حملہ، توڑ پھوڑ اور آتشزدگی – 8 اہلکار زخمی
مورو : سندھ کے ضلع نوشہروفیروز کے علاقے مورو میں شدید ہنگامہ آرائی اور پرتشدد مظاہروں کے دوران صوبائی وزیر داخلہ کی رہائش گاہ پر حملہ کیا گیا، جس میں توڑ پھوڑ اور آتشزدگی کے واقعات پیش آئے۔ واقعے کی ابتدائی رپورٹ پولیس نے تیار کر لی ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق، دوپہر تقریباً چار بجے 100 سے 150 افراد پر مشتمل ہجوم مورو بائی پاس پر احتجاج کے لیے جمع ہوا۔ پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کی کوشش کی تو مظاہرین نے اچانک پولیس پر پتھراؤ شروع کر دیا، اور بعد ازاں فائرنگ بھی کی گئی۔
پرتشدد کارروائی میں 8 پولیس افسران اور اہلکار زخمی ہو گئے۔ اسی دوران مشتعل مظاہرین نے صوبائی وزیر داخلہ کی رہائش گاہ پر حملہ کیا، جہاں انہوں نے شدید توڑ پھوڑ کی اور بعد ازاں آگ لگا دی۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے رہائش گاہ کو خالی کرا لیا۔
مزید برآں، مشتعل افراد نے علاقے میں موجود مال بردار ٹرکوں کو بھی نشانہ بنایا، ان میں توڑ پھوڑ کی، سامان لوٹ لیا اور کئی گاڑیوں کو آگ لگا دی۔ واقعے کے بعد علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔
پولیس کی جانب سے حالات پر قابو پانے اور ملوث افراد کی شناخت کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔