کراچی: ایف آئی اے کی بڑی کارروائی، 11 کروڑ 50 لاکھ نقدی اور 17 سونے کے بسکٹ برآمد، 5 ملزمان گرفتار
کراچی: وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے کراچی کے علاقے صدر میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے ساڑھے 11 کروڑ روپے نقدی اور 17 عدد سونے کے بسکٹ برآمد کر لیے۔ کارروائی حوالہ ہنڈی اور سونے کی اسمگلنگ میں ملوث گروہ کے خلاف کی گئی۔
ایف آئی اے کے مطابق برآمد ہونے والے سونے کے ہر بسکٹ کا وزن 10 تولے ہے۔ تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ یہ گروہ کافی عرصے سے غیر قانونی طور پر سونے کی خرید و فروخت اور حوالہ ہنڈی کے ذریعے بیرون ملک رقوم کی ترسیل میں ملوث تھا۔
ایف آئی اے نے موقع پر کارروائی کرتے ہوئے پانچ ملزمان کو گرفتار کر لیا، جن کے خلاف کسٹم ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ ادارے کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان اب تک سونے کی خرید و فروخت اور بھاری رقوم کی ٹرانزیکشنز سے متعلق کوئی قانونی دستاویزات پیش نہیں کر سکے۔
کارروائی کے دوران دو اہم ملزمان، سلیم اور باسط، موقع سے فرار ہو گئے۔ ان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں، تاہم اب تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آ سکی۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق مزید تحقیقات جاری ہیں اور ممکنہ طور پر اس گروہ سے جڑے دیگر عناصر بھی جلد قانون کی گرفت میں آ سکتے ہیں۔