پاکستان رینجرز نے اندرون سندھ کچے کے علاقے میں کاروائی کرتے ہوئے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا
پاکستان رینجرز (سندھ) اور پولیس کی اندرون سندھ کچے کے علاقے میں ڈاکوؤں اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف کاروائیاں جاری۔ پاکستان رینجرز (سندھ) اور پولیس نے خفیہ معلومات کی بنیاد پر مشترکہ کاروائی کرتے ہوئے اندرونِ سندھ رستم کچے کے علاقے گاؤں پیارو سعد خانانی، چمن اور کوٹ شاہو میں ڈاکوؤں اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے بدنام زمانہ ڈکیت منظور اور ملنگ عرف ملنگو خانا نی کو گرفتارکر لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق مورخہ19مئی کو فیضو اسٹاپ پرشہری سے ڈکیتی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے رینجرز کے جوانوں اور ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کاتبادلہ ہوا۔ فائرنگ کے تبادلے میں رینجرز کا جوان ھریش کمار زخمی ہوا تھاجس نے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا۔ملزمان متعدد ڈکیتی، چوری کی وارداتوں، پولیس مقابلوں ا ور دیگر سنگین جرائم کے مقدمات میں مطلوب تھے۔
ابتدائی تفتیش کے دوران گرفتار ملزمان نے اعتراف جرم کرلیا ہے اور مزید وہ ڈکیتی، چوری، پولیس مقابلوں میں بھی ملوث ہیں۔
گرفتار ملزمان کو مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔عوام ڈاکوؤں کو پناہ دینے والے عناصر اور دیگر بااثر افراد کی نشاندہی کریں اور سندھ کو جرائم پیشہ افراد سے پاک کرنے میں سندھ رینجرز کی مدد کے لیے رینجرز ہیلپ لائن 1101 یا رینجرز مددگار واٹس ایپ نمبر 03479001111 پر کال یا ایس ایم ایس کے ذریعے فوری اطلاع دیں۔ آپ کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔