بھارت کے ہائیڈرو ٹیررازم کے بھیانک نتائج ہوں گے، کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا، فیلڈ مارشل
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ بھارت کے ہائیڈرو ٹیررازم کے بھیانک نتائج ہوں گے، کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا، پاکستان میں دہشت گردی کو بھارتی ریاستی سرپرستی مل رہی ہے، قوم کے تعاون سے دہشت گردی کے خلاف جنگ کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے، جنوبی ایشیا کے تزویراتی استحکام کے لیے مسلہ کشمیر کا حل ضروری ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان کے مطابق آرمی چیف فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر نے کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کوئٹہ کا دورہ کیا اور وہاں طلبا افسران اور فیکلٹی سے خطاب کیا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ فیلڈ مارشل نے آپریشن بنیان مرصوص کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا اور ان کے خاندانوں سے مکمل اظہار یکجہتی کیا۔
فیلڈ مارشل نے کسی بھی جارحیت کو شکست دینے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے فیلڈ مارشل نے عالمی اور علاقائی حالات کے تناظر میں ابھرتے ہوئے تنازع کے کردار پر روشنی ڈالی۔
عاصم منیر نے کہا کہ افسران مستقبل کی جنگ کے لیے خود کو تیار کریں، معرکہ حق کی کامیابی ہمارے قومی عزم اور قومی طاقت کے تمام عناصر کے درمیان مکمل ہم آہنگی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے افسران طلبا پر بھرپور عزم اور جذبے کے ساتھ ذمہ داریاں پوری کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مسلح افواج ہر طرح کے خطرات سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے، کوئی پاکستان کو کبھی مجبور نہیں کرسکتا، دہشت گردی کے خلاف جنگ کے خلاف پاکستان کی کوششوں سے توجہ ہٹانے کے دشمنانہ عزائم کو مکمل طور پر شکست دی جائے گی۔
عالمی اور علاقائی حالات کے تناظر میں فیلڈ مارشل نے ابھرتے ہوئے تنازع کے کردار پر روشنی ڈالی، خاص طور پر پاکستان کے خلاف بلا اشتعال بھارت کے بڑھتے ہوئے خطرناک رجحان کا تذکرہ کیا۔
قبل ازیں آرمی چیف فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کے کوئٹہ پہنچنے پر کور کمانڈر اور کمانڈنٹ اسٹاف کالج نے ان کا استقبال کیا۔