کراچی: بدمست کار ڈرائیور کی ٹکریں، متعدد شہری زخمی، مشتعل ہجوم کا تھانے پر دھاوا
کراچی : سہراب گوٹھ سے گاڑیوں کو ٹکر مار کر فرار ہونے والے ایک بدمست کار ڈرائیور نے عزیز آباد میں بھی شہریوں کو روند ڈالا، جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہو گئے۔ مشتعل عوام نے سخت جدوجہد کے بعد ڈرائیور کو قابو میں لے کر تشدد کا نشانہ بنایا، تاہم پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے اسے مشتعل ہجوم سے نکال کر عزیز آباد تھانے منتقل کر دیا۔ سفید رنگ کی ہنڈا سوک کار میں سوار ایک شخص نے سہراب گوٹھ کے علاقے میں متعدد گاڑیوں کو ٹکر ماری اور موقع سے فرار ہو گیا۔ ڈرائیور نے فرار کے دوران عزیز آباد کے قریب دوبارہ شہریوں کو گاڑی سے کچل دیا، جس کے باعث کئی افراد زخمی جبکہ متعدد گاڑیوں کو شدید نقصان پہنچا۔
واقعے کے بعد شہریوں کی بڑی تعداد موقع پر جمع ہو گئی۔ مشتعل افراد نے تعاقب کے بعد ڈرائیور کو پکڑ لیا اور تشدد کا نشانہ بنایا۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر صورتِ حال کو قابو میں کیا اور ملزم کو ہجوم سے بازیاب کروا کر عزیز آباد تھانے منتقل کر دیا۔
واقعے کے بعد مشتعل عوام نے عزیز آباد تھانے کا گھیراؤ کر لیا اور مطالبہ کیا کہ حادثے کے ذمہ دار ڈرائیور کو قرار واقعی سزا دی جائے۔ ہجوم نے ڈرائیور کی گاڑی کو بھی شدید نقصان پہنچایا، جس کے باعث حسین آباد روڈ پر بدترین ٹریفک جام ہوگیا اور گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔
پولیس کے مطابق ابتدائی طور پر معلوم ہوا ہے کہ گرفتار ڈرائیور کی حالت مشکوک ہے اور شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ وہ نشے کی حالت میں تھا۔ پولیس زیرِ حراست ملزم سے تفتیش کر رہی ہے، جبکہ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی مکمل تحقیقات کی جا رہی ہیں اور ذمہ دار شخص کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔۔