ایس بی سی اے کے 20 ملازمین کے خلاف مقدمہ درج، 25 لاکھ رشوت مانگنے اور تشدد کا الزام
کراچی — ناظم آباد نمبر ایک میں گھر کی تعمیر کے دوران سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) کے عملے کی مبینہ کارروائی پر ایڈووکیٹ ریاض علی سولنگی کی مدعیت میں رضویہ تھانے میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ریاض علی سولنگی نے ایف آئی آر میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ ان کے گھر کی تعمیر جاری تھی جب ایس بی سی اے کی ٹیم ان کی غیر موجودگی میں بغیر کسی وارنٹ کے گھر میں داخل ہوئی۔ ریاض سولنگی کا کہنا ہے کہ جب وہ موقع پر پہنچے تو انہوں نے ٹیم سے قانونی دستاویزات طلب کیں، جس پر عملے نے مبینہ طور پر 25 لاکھ روپے رشوت کا مطالبہ کیا۔
مدعی کے مطابق رشوت نہ دینے پر ایس بی سی اے اہلکاروں نے ان پر حملہ کیا، انہیں زدوکوب کیا گیا اور ان کا کوٹ پھاڑ دیا گیا۔ مقدمے میں ندیم اختر، عمران شیخ سمیت 17 سے 18 افراد کو نامزد کیا گیا ہے، جن پر تشدد اور دھمکیوں کا بھی الزام عائد کیا گیا ہے۔
پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے جبکہ ایس بی سی اے کی جانب سے تاحال کوئی مؤقف سامنے نہیں آیا۔