کراچی: حسین آباد میں فوڈ ڈیلیوری بوائے قتل، 24 گھنٹوں میں معمہ حل، چار گرفتار

0

کراچی :کراچی کے علاقے حسین آباد میں فوڈ ڈیلیوری بوائے کے بہیمانہ قتل کا معمہ پولیس نے 24 گھنٹوں کے اندر حل کرلیا۔ ایس ایس پی سینٹرل ذیشان شفیق صدیقی کے مطابق قتل میں ملوث چار افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے، جبکہ مرکزی ملزم دلاور کی گرفتاری کے لیے چھاپہ مار کارروائیاں جاری ہیں۔

پولیس کے مطابق گرفتار ملزمانیاسین ،حسن ،موسی اور شہزاد نے ابتدائی طور پر جرم چھپانے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو گمراہ کرنے کی کوشش کی۔ دو ملزمان نے واقعے کو ڈکیتی کے دوران مزاحمت کا رنگ دینے کی کوشش کی، جبکہ دو نے اسے اندھی گولی کا نتیجہ قرار دیا۔ تاہم تفتیش کے دوران معلوم ہوا کہ مقتول حارث، جو فوڈ ڈیلیوری کا کام کرتا تھا، کو جان بوجھ کر قتل کیا گیا۔

ایس ایس پی کے مطابق، مقتول حارث حسین آباد میں فوڈ ڈیلیوری دینے آیا تھا، جہاں ملزم دلاور نے اسلحے کے زور پر اوباش نوجوانوں کی طرح برتاؤ کیا اور حارث کو پستول کی نوک پر اٹھک بیٹھک کرائی۔ حارث نے معافی مانگنے کی کوشش کی، تاہم دلاور نے فائرنگ کر دی۔

گولی حارث کی ایک ران کو چیرتی ہوئی دوسری ران میں پیوست ہوگئی، جس سے وہ شدید زخمی ہوگیا۔ اُسے فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ خون

زیادہ بہنے کے باعث راستے میں ہی دم توڑ گیا۔

ترجمان ایس ایس پی سینٹرل کے مطابق ملزم دلاور کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں اور اُمید ہے کہ وہ جلد قانون کی گرفت میں ہوںگے ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.