نیو کراچی میں مویشی چور پھر سرگرم، عیدالاضحیٰ قریب آتے ہی وارداتوں میں اضافہ
کراچی: نیو کراچی کے علاقے گودھرا میں مویشی چوروں نے ایک بار پھر سر اٹھا لیا، عیدالاضحیٰ کی آمد کے ساتھ ہی چوری کی وارداتوں میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔
گزشتہ شب نامعلوم مسلح افراد نے ایک گھر میں گھس کر وہاں موجود شخص کو یرغمال بنا لیا اور لاکھوں روپے مالیت کے مویشی چرا کر فرار ہو گئے۔ واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آ گئی ہے، جس میں ملزمان کو سوزوکی اور موٹر سائیکلوں پر آتے ہوئے واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔
فوٹیج کے مطابق چوروں نے تین جانوروں کو لوڈ کرنے کی کوشش کی، تاہم گاڑی چھوٹی ہونے کے باعث وہ دو بڑے اور ایک چھوٹا جانور ہی لے جا سکے۔
پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔ پولیس کے مطابق ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
علاقہ مکینوں نے مویشی چوری کی بڑھتی ہوئی وارداتوں پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ گشت میں اضافہ کیا جائے اور مویشی پالنے والوں کو تحفظ فراہم کیا جائے۔