کراچی :بوٹ بیسن میں کسٹم کی کاروائی مبینہ اسمگلر ہلاک
۔
کراچی – کراچی کے علاقے بوٹ بیسن میں پاکستان کسٹمز کی جانب سے ایک خفیہ اطلاع پر کی گئی کارروائی کے دوران فائرنگ کے نتیجے میں ایک مشتبہ شخص جاں بحق ہو گیا۔
کسٹمز ترجمان کے مطابق واقعہ 2 جون کی علی الصبح تقریباً 3 بج کر 40 منٹ پر پیش آیا، جب اینٹی اسمگلنگ آرگنائزیشن (ASO) ٹیم نے اسمگل شدہ سامان لے جانے والی ایک مشتبہ گاڑی کو روکا۔ گاڑی میں سوار افراد نے نہ صرف مزاحمت کی بلکہ اہلکاروں کے ساتھ پرتشدد جھڑپ بھی ہوئی۔ اس دوران ایک سپاہی کی ایک مشتبہ شخص سے ہاتھا پائی ہوئی، جس پر خطرے کے فوری پیشِ نظر سپاہی نے فائرنگ کر دی۔
فائرنگ سے ایک شخص شدید زخمی ہو گیا جسے اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ دورانِ علاج دم توڑ گیا۔ مرنے والے کی عمر تقریباً 28 سے 30 سال کے درمیان بتائی گئی ہے اور اس کا تعلق مبینہ طور پر بلوچستان کے ضلع مستونگ سے ہے۔
کسٹمز کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش کے مطابق مشتبہ افراد ایک منظم اسمگلنگ نیٹ ورک سے وابستہ تھے۔ جائے وقوعہ پر موجود ہجوم اور مشتبہ شخص کے ساتھیوں کی مزاحمت کے باعث کسٹمز اہلکاروں کو تلاشی میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔ تاہم، گاڑی کو کسٹم ہاؤس منتقل کر دیا گیا جہاں تلاشی کے دوران تقریباً 80 بوریاں مضر صحت اسمگل شدہ چھالیہ برآمد کی گئیں۔ ہر بوری کا وزن 10 سے 12 کلوگرام تھا، جس کا مجموعی وزن 960 کلوگرام بنتا ہے۔
کسٹمز کے مطابق ضبط شدہ گاڑی کو باقاعدہ طور پر سیز کر دیا گیا ہے جبکہ جاں بحق شخص کی میت لواحقین کے حوالے کر دی گئی، جو اُسے بلوچستان کے ضلع مستونگ میں لے گئے۔
پاکستان کسٹمز نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق شخص کے اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔ ترجمان کے مطابق واقعے کی باقاعدہ انکوائری شروع کر دی گئی ہے اور تمام قانونی و اخلاقی تقاضے پورے کیے جائیں گے۔
ترجمان نے کہا کہ پاکستان کسٹمز اسمگلنگ کے خلاف اپنی جدوجہد اور قومی معیشت کے تحفظ کے عزم پر قائم ہے اور تمام کارروائیاں شفافیت اور قانون کی حکمرانی کے تحت انجام دی جاتی ہیں۔
–