کراچی: ایف آئی اے کی ڈیفنس میں کارروائی، غیر قانونی کرنسی کاروبار میں ملوث دو افراد گرفتار
کراچی :فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) اسٹیٹ بینک سرکل نے شہر قائد کے پوش علاقے ڈیفنس بدر کمرشل اسٹریٹ پر کامیاب کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی طور پر غیر ملکی کرنسی کی خرید و فروخت میں ملوث دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق کارروائی خفیہ اطلاع کی بنیاد پر عمل میں لائی گئی، جس کے دوران فرحان زعفران اور علی رضا مٹھل کو موقع سے حراست میں لیا گیا۔ دونوں افراد مبینہ طور پر بغیر لائسنس کے کرنسی کی غیر قانونی خرید و فروخت میں ملوث تھے۔
کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے 14 ہزار امریکی ڈالر، ایک لاکھ روپے پاکستانی کرنسی اور دو موبائل فونز برآمد کیے گئے۔ حکام کا کہنا ہے کہ برآمد شدہ رقم اور دیگر اشیاء کو قانونی شواہد کے طور پر ضبط کر لیا گیا ہے۔
ایف آئی اے نے مقدمہ درج کرتے ہوئے گرفتار ملزمان سے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔ برآمد شدہ موبائل فونز کو فرانزک تجزیے کے لیے بھیجا جا رہا ہے تاکہ اس غیر قانونی کاروبار کے مزید روابط اور ممکنہ نیٹ ورک کا سراغ لگایا جا سکے۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ادارہ غیر قانونی منی چینجرز، حوالہ ہنڈی آپریٹرز اور منی لانڈرنگ میں ملوث عناصر کے خلاف بھرپور کارروائیاں جاری رکھے گا تاکہ ملکی معیشت کو درپیش خطرات کا تدارک کیا جا سکے۔