منگھوپیر میں ٹینکر ڈرائیور کی ٹریفک اہلکار کو اغوا کرنے کی کوشش، جھڑپ میں تین پولیس اہلکار زخمی

0

 

 

 

کراچی () منگھوپیر کے علاقے ملک چانڈیو چوک کے قریب ایک ٹینکر ڈرائیور کی جانب سے ٹریفک پولیس اہلکار کو اغوا کرنے کی کوشش کے دوران مزاحمت پر جھڑپ ہوئی، جس کے نتیجے میں تین پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔

 

تفصیلات کے مطابق، واقعہ اُس وقت پیش آیا جب ٹینکر ڈرائیور نے ناکے پر رکنے سے انکار کرتے ہوئے ٹریفک پولیس کے اہلکار تلک راج کو زبردستی اپنے ساتھ لے جانے کی کوشش کی۔ اہلکاروں کی جانب سے شور مچانے پر قریب موجود پولیس موبائل نے فوری طور پر مداخلت کی اور تعاقب شروع کیا۔

 

پولیس کے مطابق، ٹینکر ڈرائیور کے ہمراہ موجود مشتعل افراد نے پولیس پارٹی پر حملہ کر دیا۔ حملہ آوروں نے ڈنڈوں، پتھروں اور مارپیٹ کا سہارا لیتے ہوئے پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں رزاق، یعقوب اور اویس نامی تین اہلکار زخمی ہو گئے۔

 

زخمیوں کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔

 

ترجمان ایس ایس پی ویسٹ کے مطابق، پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ چکی ہے اور صورت حال کو مکمل طور پر قابو میں لے لیا گیا ہے۔ واقعے کی مکمل تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے اور ضابطے کی کارروائی جاری ہے۔

 

 

Leave A Reply

Your email address will not be published.