اورنگی ٹاؤن میں فائرنگ: موٹر سائیکل کے معمولی جھگڑے نے ایک جان لے لی
کراچی
کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں معمولی جھگڑا جان لیوا تصادم میں تبدیل ہو گیا، جہاں فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ دوسرا زخمی ہوگیا۔ پولیس کے مطابق واقعہ موٹر سائیکل ٹکرانے کے بعد پیش آیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جھگڑا فہیم نامی شہری اور آصف نامی شخص کے درمیان ہوا، جو پولیس اہلکار اشتیاق کا بھائی ہے۔ جھگڑے کے بعد آصف گھر گیا، اسلحہ لایا اور اپنے بھائی اشتیاق کو بھی ساتھ لے آیا۔ موقع پر موجود افراد نے بیچ بچاؤ کی کوشش کی، تاہم آصف نے اچانک فائرنگ کر دی۔
فائرنگ کے نتیجے میں فہیم موقع پر جاں بحق ہو گیا جبکہ ایک اور شہری انس زخمی ہوا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ آصف کا بھائی اشتیاق شریف آباد تھانے میں تعینات ہے۔
واقعے کے بعد دونوں بھائی فرار ہو گئے ہیں۔ پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں اور جلد انہیں حراست میں لے لیا جائے گا۔
مزید تفتیش جاری ہے۔