خیرپور سینٹرل جیل پر حملہ، ایک قیدی جانبحق، دو حملہ آور فرار
خیرپور :خیرپور سینٹرل جیل میں گزشتہ روز دیرینہ دشمنی پر مبنی ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، جب تین مسلح ملزمان جیل کی دیوار پھلانگ کر اندر داخل ہوئے اور ایک قیدی پر حملہ کر دیا۔ حملے کے نتیجے میں قیدی ہاشم رند موقع پر ہی دم توڑ گیا، جب کہ ایک حملہ آور زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔ دو ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
واقعے کے بعد جیل میں خوف و ہراس پھیل گیا، جب کہ پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔ ذرائع کے مطابق حملہ آور براہ راست ایک مخصوص قیدی کو نشانہ بنانے کے ارادے سے آئے تھے۔ گرفتار ملزم سے اسلحہ برآمد کر لیا گیا ہے، اور تفتیش جاری ہے۔
سینٹرل جیل کے جیلر عبدالغفار چانڈیو نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ یہ واقعہ دیرینہ دشمنی کا نتیجہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جیل کی دیواریں خستہ حال ہیں اور انتظامیہ نے کئی بار اعلیٰ حکام کو مرمت کے لیے تحریری درخواستیں دی تھیں، مگر کوئی عملی قدم نہ اٹھایا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پولیس نفری کی شدید کمی کے باعث سیکیورٹی کے مسائل درپیش ہیں۔
پولیس نے ابتدائی کارروائی کے دوران چار مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔ فرار ہونے والے ملزمان کی تلاش کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔
شہری حلقوں اور انسانی حقوق کی تنظیموں نے جیل میں اس نوعیت کے واقعے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
—