لیاری عمارت حادثہ: ہلاکتوں کی تعداد 21 تک پہنچ گئی، مزید افراد کے دبے ہونے کا خدشہ
کراچی : لیاری کے علاقے میں گزشتہ روز منہدم ہونے والی رہائشی عمارت کے ملبے سے نکالی گئی لاشوں کی تعداد 21 تک پہنچ گئی ہے۔ ریسکیو حکام کے مطابق امدادی کارروائیاں مسلسل جاری ہیں اور خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ملبے تلے مزید افراد دبے ہو سکتے ہیں۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق اب تک نو خواتین اور ایک بچے سمیت 21 افراد کی لاشیں نکالی جا چکی ہیں، جب کہ درجنوں افراد کے لاپتہ ہونے کی اطلاعات بھی موصول ہو رہی ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ ملبہ مکمل ہٹانے اور تمام پھنسے ہوئے افراد کو نکالنے تک ریسکیو آپریشن جاری رہے گا۔
منہدم ہونے والی عمارت گراؤنڈ پلس سکس فلور پر مشتمل تھی جو کہ کافی عرصے سے خستہ حالی کا شکار تھی۔ دو سال قبل اس عمارت کو خالی کرانے کا نوٹس جاری کیا گیا تھا، جس میں واضح طور پر ہدایت کی گئی تھی کہ عمارت کو فوری طور پر خالی کر کے منہدم کر دیا جائے، مگر متعلقہ حکام کی جانب سے اس پر کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا گیا۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ کئی بار شکایات کے باوجود بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی اور ضلعی انتظامیہ نے اس عمارت کی حالت زار کو نظر انداز کیا۔ اب جب کہ قیمتی انسانی جانیں ضائع ہو چکی ہیں، متاثرہ خاندان شدید غم و غصے کا شکار ہیں۔
ریسکیو ٹیموں کے ساتھ پاک فوج، رینجرز، اور دیگر ادارے بھی امدادی کاموں میں شریک ہیں، جبکہ قریبی اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔